نیلور۔/9فبروری، ( این ایس ایس ) بی جے پی کے قومی قائد ایم وینکیا نائیڈو نے آج صاف طور پر کہا کہ ان کی پارٹی پارلیمنٹ میں پیش کئے جارہے تلنگانہ بل کی تائید کرنے کا فیصلہ اس کا اچھی طرح مطالعہ کرنے کے بعد کرے گی۔ تاہم وینکیا نائیڈو نے کہا کہ بی جے پی نے علحدہ ریاست تلنگانہ کے حصول کا تہیہ کررکھا ہے اور دو دن کے بعد ایک واضح تصویر سامنے آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ ’’ ہم نے دو علاقوں کی ترقی کو پیش نظر رکھتے ہوئے مرکز کو چند تعمیری تجاویز پیش کئے ہیں لیکن ایسا معلوم ہوتا ہے کہ ہماری تجاویز پر غور نہیں کیا گیا ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ ان تجاویز میں ایک تجویز پولاورم پراجکٹ میں زیر آب ہونے والے مواضعات سے متعلق ہے لیکن مرکز نے اس سلسلہ میں کوئی تیقن نہیں دیا ہے جو کہ ایک افسوسناک امر ہے۔ بی جے پی قائد نے کہا کہ جی یو ایم کے رکن اور مرکزی وزیر جے رام رمیش نے ان سے ملاقات کی اور تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ لیکن جے رام رمیش، ڈگ وجئے سنگھ اور احمد پٹیل کے ساتھ میٹنگ کے دوران جن نکات پر تبادلہ خیال کیا گیا اس کا تذکرہ مرکزی کابینہ کو پیش کئے گئے نوٹ میں نہیں کیا گیا، جس نے بل کو منظور کیا۔