جانوروں کی قربانی پر کوئی امتناع نہیں

کلکٹریٹ سے جاری کردہ صحافتی بیان پر لاعلمی : راہول بوجا
حیدرآباد۔ 2 ستمبر (سیاست نیوز) کلکٹر حیدرآباد مسٹر راہول بوجا نے عیدالاضحی کے موقع پر جانوروں کے ذبیحہ پر امتناع سے متعلق اخبارات میں شائع شدہ خبر پر ضروری وضاحت کی ہے۔ انہوں نے آج سیاست نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ان کے دفتر سے جاری سرکاری اعلامیہ کے بارے میں وہ بالکل لاعلم ہیں۔ جیسے ہی یہ اطلاعات موصول ہوئیں انہوں نے یہ وضاحت کی کہ عیدالاضحی کے موقع پر جانوروں کی قربانی پر کوئی امتناع عائد نہیں کیا گیا ہے اور حسب سال ہائے گزشتہ یہ عمل بلارکاوٹ جاری رہے گا۔انہوں نے مزید بتایا کہ ان کے علم میں لائے بغیر بعض ماتحتین نے ایک پریس ریلیز جاری کیا تھا جس کی جانچ کی جائے گی۔  واضح رہے کہ اس خبر کی اشاعت پر آج صبح کی اولین ساعتوں سے روزنامہ سیاست کے دفتر پر قارئین کے ٹیلی فونس کالس کا تانتا بندھ گیا اور عوام میں اس اعلامیہ سے متعلق گہری تشویش و بے چینی پیدا ہوگئی۔ اس تشویش کو ملحوظ رکھتے ہوئے نمائندہ سیاست نے بروقت کلکٹر سے ربط پیدا کیا جس پر انہوں نے یہ وضاحت کی۔ انہوں نے  مزید بتایا کہ گنیش تہوار اور عیدالاضحی کے پیش نظر متعلقہ عہدیداروں کا کوئی بھی اجلاس منعقد نہیں کیا گیا اور نہ ہی مسلخ کے ذمہ داران کو اس سلسلے میں احکام جاری کئے گئے۔ کلکٹر کے دفتر سے آج شام ایک تحریری وضاحت بھی جاری کی گئی جس میں یہ بتایا گیا کہ کل ان کے دفتر سے جاری کئے گئے پریس ریلیز میں مویشیوں کی منتقلی اور جانوروں سے بے رحمی کی روک تھام سے متعلق حسب معمول احکام جاری کئے گئے تھے اور ان احکامات سے عیدالاضحی کی قربانی کا کوئی تعلق نہیں ہے۔