نئی دہلی ۔6 ستمبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) دہلی کی عدالت نے ایک شخص کو اُس کے جانور واپس کرنے سے انکار کردیا ، جنھیں کاٹنے کے مقصد سے انتہائی ظالمانہ انداز میں ٹرک میں لے جایا جارہا تھا۔ عدالت نے راجستھان کے ساکن جگدیش بنجارا کی 25 بھینسوں اور بچھڑوں کو رہا کرنے کی درخواست مسترد کردی ۔ ان میں سے 8 جانوروں کی موت واقع ہوگئی ۔ عدالت نے مابقی جانوروں کو خصوصی نگہداشت میں رکھنے کی ہدایت بھی جاری کی ۔ اس واقعہ کے سلسلے میں تمام حالات کا جائزہ لینے کے بعد عدالت نے کہا کہ ان جانوروں کو ایک ہی گاڑی میں بالکلیہ ظالمانہ انداز میں کاٹنے کیلئے لے جایا جارہا تھا ۔ جانوروں پر اس طرح کا ظلم جانوران ایکٹ 1960کے تحت ایک جرم ہے ، لہذا ان جانوروں کو حوالے کرنے کی درخواست مسترد کی جاتی ہے ۔ پولیس کے مطابق جگدیش بنجارا کو 22 جون کو 25 بھینسوں اور بچھڑوں سے لدی ٹرک کے ساتھ پکڑا گیا تھا ۔