جانا ریڈی کی ٹی آر ایس حکومت کی تائید

کانگریس کے حوصلے پست ، پنالہ لکشمیا کا اعتراض
حیدرآباد ۔ 29 ۔ اگست : ( سیاست نیوز) : سابق صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر پنالہ لکشمیا نے قائد اپوزیشن مسٹر کے جانا ریڈی کی جانب سے بار بار ٹی آر ایس حکومت کی تائید کرنے پر سخت اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ اس سے پارٹی کارکنوں کے حوصلے پست ہورہے ہیں ۔ پنالہ لکشمیا نے ایک مقامی ٹیلی ویژن کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی اپوزیشن کا تعمیری رول ادا کررہی ہے ۔ قائد اپوزیشن کسی بھی ریاست میں مرکز توجہ ہوتے ہیں مگر تلنگانہ میں مسٹر کے جاناریڈی نے پارٹی لائن سے ہٹ کر دو مرتبہ حکومت کے فیصلوں کی بھر پور ستائش کی ہے جو کانگریس کے لیے غیر مناسب ہے اور مسٹر کے جانا ریڈی جیسے سینئر قائد کو اس طرح کا رویہ اپنانا زیب نہیں دیتا ۔ قائد اپوزیشن کی اس حرکت سے پارٹی کے لیے مسائل پیدا ہورہے ہیں ۔ مسٹر پنالہ لکشمیا نے کہا کہ 2019 تک صدر پردیش کانگریس کمیٹی کوئی بھی رہے ۔ پارٹی کے تمام قائدین اتحاد کا بھر پور مظاہرہ کرتے ہوئے تلنگانہ میں دوبارہ کانگریس کو اقتدار میں لائیں گے ۔ انہوں نے چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر کو بھی سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ مہاراشٹرا سے آبی معاہدہ کر کے لوٹنے والے چیف منسٹر تلنگانہ نے بیگم پیٹ ایرپورٹ سے کانگریس کو چیلنج کرنے پر کیا ہم 40 منٹ میں بیگم پیٹ ایرپورٹ پہونچنا کیا چیف منسٹر سے استفسار کیا ۔ اگر چیف منسٹر مہاراشٹرا سے معاہدے پر کھلے عام مباحث کا اہتمام کرتے ہیں وہ اسمبلی کے روبرو موجود یادگار مجاہدین کے سامنے مباحثہ کا اہتمام کریں وہ مباحثہ میں حصہ لیں گے ۔۔