حیدرآباد ۔ 10 ۔ مارچ (سیاست نیوز) کانگریس رکن اسمبلی ڈی کے ارونا کے خلاف ریاستی وزیر پنچایت راج کے ریمارکس اور اسپیکر کی جانب سے مسز ارونا کو مائک نہ دینے کے خلاف کانگریس ارکان نے اسپیکر پوڈیم کے قریب پہنچ کر احتجاج کیا۔ لیکن جب قائد اپوزیشن کے جانا ریڈی نے کانگریس ارکان کو ان کی نشستوں پر طلب کرلیا تو ڈپٹی فلور لیڈر ٹی جیون ریڈی نے اپنی پیشانی پر ہاتھ مارکر افسوس ظاہر کیا۔مسز ڈی کے ارونا نے حکمراں ٹی آر ایس کے ارکان کو مشورہ دیا کہ آپ لوگوں کے گھروں میں بھی ماں بہنیں ہیں، لہذا آپ پہلے خواتین کا احترام سیکھیں۔ انھوں نے اسپیکر سے استفسار کیا کہ ’’کیا خواتین کو مائک توڑنے کا اختیار نہیں ہے؟‘‘۔