جامع مسجد علاقہ میں ترقیاتی کام، بلدیہ کو حلف نامہ داخل کرنے کی ہدایت

نئی دہلی ۔ 5 ۔ نومبر (سیاست ڈاٹ کام) نارتھ دہلی میونسپل کارپوریشن (NDMC) کو ہدایت کی گئی ہے کہ جامع مسجد علاقہ میں ترقیاتی کام انجام دینے کیلئے جو اقدامات کئے گئے ہیں ان کا حلفنامہ اندرون دو ہفتہ داخل کیا جائے۔ قبل ازیں دہلی بلدیہ نے ہائی کورٹ کو مطلع کیا تھا کہ جامع مسجد علاقہ میں ترقیاتی کام انجام دینے کیلئے ٹنڈر جاری کئے گئے ہیں۔ جسٹس بدر دربیز احمد اور سدھارتھ مردول پر مشتمل ایک بنچ نے بتایا کہ این ڈی ایم سی جامع مسجد علاقہ میں ترقیاتی کاموں کے بارے میں ایک حلف نامہ داخل کرے اور اس معاملہ کی سماعت کیلئے 10 ڈسمبر کی تاریخ تعین کی۔ عدالت میں سماعت کے دوران مختلف درخواست گزاروں جو مختلف اسوسی ایشنوں کی جانب سے مختلف دکانات کے مالکین اور دیگر نوعیت کے تاجرین کی نمائندگی کرتی ہیں، مختلف تصاویر پیش کی گئی تھیں جن میں درگاہ شیخ کلیم اللہؒ کے قریب مارکٹ اور اس کے اطراف و اکناف کے علاقوں میں غیر مجاز تعمیرات کی نشاندہی کی گئی تھی۔