جامع مسجد اعظم پورہ میں آج عازمین حج کا مرکزی تربیتی اجتماع

حیدرآباد 23 اگست (پریس نوٹ ) تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی کے زیر اہتمام کل ہند جمعیۃ المشائخ کے اشتراک سے عازمین حج کیلئے مرکزی تربیتی اجتماع اتوار 24 اگست کو صبح 10 تا 5 بجے شام جامع مسجد اعظم پورہ نزد چادر گھاٹ میں منعقد ہوگا ۔ پروفیسر ایس اے شکور اسپیشل آفیسر اسٹیٹ حج کمیٹی صدارت کریں گے ۔ مولانا قاضی سید شاہ اعظم علی صوفی صدر کل ہند جمعیۃ المشائخ ماڈل اور چارٹ کی مدد سے فضائل و مناسک حج و عمرہ کی وضاحت کریں گے ۔ مولانا سید شاہ مصطفی علی صوفی سعید پاشاہ آداب زیارت روضہ نبوی ﷺ مدینہ منورہ بیان کریں گے ۔ مولانا ابوالفتح سعید بندگی بادشاہ قادری ریاض پاشاہ شریک معتمد کل ہند جمعیۃ المشائخ و سابق رکن حج کمیٹی سفر سے متعلق امور بیان کریںگے ۔ اس تربیتی اجتماع میں سفر حج ،کسٹمس وغیرہ سے متعلق اہم امور کی وضاحت کی جائے گی، احرام باندھنے کا عملی مظاہرہ ہوگا اور احرام کی شرائط بیان کی جائیں گی ۔ خانگی ٹور آپریٹرس کے ذریعہ جانے والے عازمین حج بھی شرکت کرسکتے ہیں۔