حیدرآباد۔/11نومبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت کی جانب سے اگسٹ میں کیا گیا جامع سماجی سروے آج اسمبلی میں سنجیدہ مباحث کے بجائے مزاح کا موضوع بن گیا۔ سروے کی اہمیت اور عوام کی دلچسپی کا ثبوت پیش کرنے کیلئے وزیر فینانس نے کہا کہ سروے نے کئی بچھڑے خاندانوں کو ملانے کا کام کیا ہے۔ عام طور پر خاندان کے تمام افراد دسہرہ کے موقع پر ہی ایک ساتھ نظر آتے ہیں لیکن جامع سروے نے خاندان کو یکجا ہونے کا موقع فراہم کیا۔ انہوں نے یہ کہتے ہوئے ایوان کو قہقہہ زار بنادیا کہ شوہروں سے علحدگی کیلئے عدالت میں درخواست داخل کرنے والی بیویاں بھی سروے میں نام درج کروانے کیلئے گھر واپس آگئیں۔ شہر کے ایک رکن اسمبلی نے یہ کہتے ہوئے ارکان کو ہنسنے پر مجبور کردیا کہ کئی برسوں سے بچھڑی ہوئی بہو سروے کیلئے سسرال واپس آگئی جس پر ساس حیرت میں پڑ گئی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے سروے کی اہمیت کے سلسلہ میں خوف کا ایسا ماحول پیدا کردیا گیا تھا کہ ناراض بہو کو بھی برسوں بعد سہی گھر واپس ہونا پڑا۔