نئی دہلی۔ 8 مئی (سیاست ڈاٹ کام) جامعہ ہمدرد کے وائس چانسلر ڈاکٹر سید احتشام حسنین نے اگلے سال سے ماس کمیونی کیشن کا کورس شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ جامعہ ہمدردمیں معیار تعلیم،امتیاز سے پاک داخلہ اور مسابقت سے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاتا۔ یہ بات انہوں نے آج یہاں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں کہی۔انہوں نے کہاکہ ماس کمیونی کیشن کا پورا خاکہ تیار کرلیا گیا ہے اور میڈیا کورس کے بارے میں ضروری انتظامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے ساتھ ہی کہاکہ شعبہ اردو بھی جامعہ ہمدرد میں کھولنے کے بارے میں غور کیا جارہا ہے اور اس پر کام کیا جائے گا لیکن پریشانی یہ ہے کہ جامعہ ہمدرد اس وقت مکمل یونیورسٹی نہیں ہے جیسے ہی مکمل یونیورسٹی بن جائے گی شعبہ اردو بھی کھل جائے گی۔