جامعہ کے محققین نے الٹرا کوانٹم تھرمامیٹر تیار کیا

نئی دہلی، 8مئی(سیاست ڈاٹ کام ) جامعہ ملیہ اسلامیہ میں سینٹر فا ر نینو سائنس اور نینو ٹکنالوجی نے انتہائی حساس کوانٹم تھرمامیٹر تیار کیا ہے جو انتہائی تیزی کے ساتھ درجہ حرارت میں ہونے والی نہایت باریک تبدیلیوں کو ریکارڈ کرسکتی ہے ۔اس تھرمامیٹر کوسینٹر کے ڈائریکٹر پروفیسر ایس ایس اسلام کی رہنمائی میں محققین کی ایک ٹیم نے تیار کیا ہے ۔یہ تھرمامیٹر 27ڈگری سینٹی گریڈ سے منفی 196ڈگری سینٹی گریڈ کی تبدیلی کو 300ملی سیکنڈمیں ریکارد کرسکتا ہے ۔تھرمامیٹر 800میلی سیکنڈ میں اپنے ابتدائی درجہ حرارت پر واپس بھی لوٹ سکتا ہے ۔اس تھرمامیٹر کے سلسلے میں کئے گئے مطالعہ کو عالمی شہر ت یافتہ جریدہ نینو اسکیل ایڈوانس نے بھی شائع کیا ہے ۔ اس آلہ کو کرایوجینک درجہ حرارت کی یپمائش کے لئے بڑے پیمانے پر استعمال کیا جاسکتا ہے ۔ بہت زیادہ درجہ حرارت میں بھی اس تھرمامیٹر نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے ۔