چیف منسٹر افتتاح کریں گے، سنتوش نگر میں خواتین کیلئے ڈگری کالج اور ٹریننگ سنٹر: شاہنواز قاسم
حیدرآباد ۔ 3 ۔ جولائی (سیاست نیوز) جامعہ نظامیہ میں عصری آڈیٹوریم کی تعمیر کا کام 15 اگست تک مکمل ہوجائے گا۔ توقع ہے کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اس آڈیٹوریم کا افتتاح کریں گے ۔ پرانے شہر میں عصری سہولتوں کے ساتھ آڈیٹوریم کے تعمیر کے مقصد سے جامعہ نظامیہ کا انتخاب کیا گیا ۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہنواز قاسم نے بتایا کہ حکومت نے ابتداء میں 14 کروڑ روپئے کا تخمینہ تیار کیا تھا لیکن تعمیری کام کی تکمیل تک یہ 20 کروڑ تک پہنچ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کنٹراکٹر کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ 15 اگست تک آڈیٹوریم کو تیار کردیں۔ اس آڈیٹوریم میں تمام عصری سہولتیں دستیاب رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ درگاہ حضرت جہانگیر پیراںؒ کی ترقی کے لئے سروے کا کام مکمل ہوچکا ہے۔ اندرون ایک ہفتہ سروے رپورٹ کی بنیاد پر ڈیزائین تیار کیا جائے گا جس کیلئے آرکیٹکٹ کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر نے زائرین کیلئے بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے ترقیاتی منصوبہ کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ درگاہ جہانگیر پیراںؒ کی وسیع تر اراضی پر زائرین کے قیام کے علاوہ پارکنگ کی سہولت رہے گی۔ پرانے شہر کے سنتوش نگر علاقہ میں درگاہ حضرت برہنہ شاہ کی اوقافی اراضی پر ویمن امپاورمنٹ سنٹر کے قیام کی تجویز ہے۔ اس سنٹر کے تحت خواتین کو مختلف شعبوں میں ٹریننگ دی جائے گی ۔ غریب خواتین کو خود مکتفی بنانے کیلئے اسکل ڈیولپمنٹ کے تحت یہ منصوبہ تیار کیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ ویمنس ڈگری کالج بھی قائم کیا جائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ اس پراجکٹ کیلئے ڈیزائین کی تیاری کا کام ابتدائی مرحلہ میں ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پرانے شہر میں ویمن امپاورمنٹ سنٹر سے اقلیتی خواتین کو مختلف ہنر سیکھ کر معاشی طور پر مستحکم ہونے کا موقع حاصل ہوگا۔ شاہنواز قاسم نے کہا کہ محکمہ اقلیتی بہبود سکھ بھون کی تعمیر کے پراجکٹ پر کام کر رہی ہے۔ اس کیلئے نارسنگی میں 5 ایکر اراضی حاصل کی گئی ۔ تعمیر کیلئے حکومت کی جانب سے ایک کروڑ کی گرانٹ منظور کی جائے گی جبکہ باقی رقم کا انتظام سکھ کمیونٹی کی جانب سے عطیات کی شکل میں کیا جائے گا۔ وقف بورڈ کی آمدنی میں اضافہ کیلئے حالیہ عرصہ میں شروع کردہ مہم کے بہتر نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ شاہنواز قاسم نے وقف فنڈ کے حصول کیلئے خصوصی ٹیم تشکیل دی تھی۔ گزشتہ پانچ دنوں میں خصوصی ٹیم نے 50 لاکھ روپئے وقف فنڈ کے طور پر حاصل کئے ہیں۔ گزشتہ ماہ وقف فنڈ کے تحت صرف 12 لاکھ روپئے وقف بورڈ کو حاصل ہوئے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ وقف انسپکٹرس کو وقف فنڈ کے حصول کیلئے ان کے ضلع میں ٹارگٹ مقرر کیا گیا ہے ۔ شاہنواز قاسم کے مطابق کرایہ کی وصولی کیلئے آئندہ ماہ سے خصوصی مہم چلائی جائے گی۔ ان کا مقصد وقف بورڈ کی آمدنی میں اضافہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وقف بورڈ میں ای فائلنگ کا کام تیزی سے جاری ہے ۔ اس کے علاوہ عوامی شکایات سے متعلق تمام درخواستوں کو گزشتہ دو دنوں سے آن لائین کردیا گیا ہے۔ کسی بھی درخواست کی وصولی کی صورت میں آئی ڈی نمبر کے ساتھ درخواست گزار کو ایس ایم ایس روانہ کیا جاتا ہے اور وہ اس نمبر کے حوالے سے فائل کی پیشقدمی کا بآسانی پتہ چلا سکتے ہیں۔ اس سہولت سے متعلقہ عہدیداروں تک عوام کی شکایات تیزی سے پہنچ جائیں گی۔ وقف بورڈ میں شکایات کی وصولی کیلئے خصوصی کاؤنٹر قائم کیا گیا ہے ۔ شاہنواز قاسم نے بتایا کہ گولی پورہ کی اوقافی اراضی کے سلسلہ میں قانونی رائے حاصل کرنے کے بعد عدالت سے رجوع ہونے کا فیصلہ کیا جائے گا۔