جامعہ نظامیہ کو وقف بورڈ سے 5 لاکھ 50 ہزار کی اجرائی

حیدرآباد ۔ 24 ۔ مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ وقف بورڈ نے جنوبی ہند کی عظیم درسگاہ جامعہ نظامیہ کیلئے 5 لاکھ 50 ہزار روپئے بطور گرانٹ جاری کئے ہیں۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے اجرائی کے احکامات جاری کئے ۔ جامعہ نظامیہ کو گرانٹ کے طور پر ماہانہ 35 ہزار روپئے ادا کئے جاتے ہیں جو گزشتہ 10 ماہ سے زیر التواء تھے۔ محمد سلیم نے 10 ماہ کے بقایہ جات کے ساتھ 3,50,000 کی منظوری دی ہے۔ اس کے علاوہ رمضان المبارک کے دوران وقف بورڈ سے سالانہ امداد کے طور پر دو لاکھ روپئے کی اجرائی عمل میں آتی ہے۔ اس طرح جملہ 5 لاکھ 50 ہزار جامعہ نظامیہ کے لئے جاری کئے گئے ہیں۔ مکہ مدینہ علاء الدین وقف کی آمدنی سے یہ امداد جاری کی جاتی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ مکہ مدینہ علاء الدین وقف کی آمدنی کا استعمال مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کیلئے کیا جاتا تھا لیکن اب یہ سلسلہ موقوف ہوچکا ہے۔ لہذا اس آمدنی سے جامعہ نظامیہ کے تعاون کا سلسلہ شروع کیا گیا ۔