جامعہ نظامیہ و سیاست کے زیر اہتمام دینی گرمائی کورس کا آج آغاز

حیدرآباد و سکندرآباد میں 89 اضلاع وبیرون ریاست میں78مراکز کا قیام
افتتاحی اجلاس سے مفتی خلیل احمد صاحب‘ شیخ الجامعہ اور میر زاہد علی خاں سیاست کا خطاب

حیدرآباد21 اپریل ( سیاست نیوز) روزنامہ سیاست اور علوم اسلامیہ کی عظیم دینی درسگاہ جامعہ نظامیہ کے زیر اہتمام 40 ؍ روزہ دینی تعلیمی گرمائی کورس کا افتتاحی اجلاس 21 اپریل 5 بجے دن سیاست گولڈن جوبلی ہال میں منعقد ہوا حضرت مولانا مفتی خلیل احمد شیخ الجامعہ ‘جامعہ نظامیہ نے ذمہ داران مراکز ‘ اساتذہ کرام سے خطاب میں فرمایا کہ آج کے اس پرفتن دور میں نونہا لان ملت کو علم دین کی بنیادی تعلیم کی سخت ترین ضرورت ہے آج ہرشخص اپنے بچوں کو دنیاوی تعلیم دلانے جد وجہد کررہا ہے اور دینی تعلیم سے دوری اختیار کررہاہے یہ نا پسندیدہ بات ہے دنیاوی تعلیم کے ساتھ علم دین کی طلب نہایت ضروری ہے۔ مولانا نے فرمایا جامعہ نظامیہ اور سیاست کی گذشتہ یہی کوشش ہے کہ نونہالان امت کو دینی تعلیم سے داقف کروایا جائے ۔ مولانانے اولیا طلبا سے خواہش کی کہ وہ اپنے بچوں کو دینی گرمائی مراکز پر روانہ کریں اور بنیادی دینی تعلیم سے روشناس کروائیں ۔ مولانا نے کہا کہ دینی گرمائی کورس سے طلبہ کو فائدہ ہورہا ہے لیکن اس تناسب آبادی کے لحاظ سے کم ہے ۔ مفکر اسلام نے والدین و ملت کے معززین سے خواہش کی کہ وہ علم دین کو حاصل کرنے نئی نسل کو راغب کریں اور جس طرح ان کیلئے مادی چیزوں مثلا غدا و رہن سہن کا اہتمام کرتے ہیں اسی طرح اسلام کے بنیادی مسائل کوجاننے اور دینی بنیادی تعلیم حاصل کرنے کا ذوق وشوق پیدا کریں ‘ گرمائی تعطیلات عصری تعلیم کے طلبہ کو دینی بنیادی تعلیم حاصل کرنے کا بہترین موقع ہے والدین اپنے بچوں پر توجہہ دیں اور اپنے قریب کے مرکز پر بچوں کوروانہ کریں ۔ کسی قسم کی کوئی فیس نہیں لی جاتی ۔ مولانا نے کہا کہ جامعہ نظامیہ اور سیاست مشترکہ طور گذشتہ بارہ سال سے اساتذہ کاخرچ برداشت کررہے ہیں اور انشا اللہ یہ سلسلہ جاری رہے گا۔

مولانا نے مسرت کا اظہار کیا کہ دینی گرمائی کورس کی یہ مہم اضلا ع سے آگے بڑہ کر بیرون ریاست کرناٹک اور مہاشٹرا میں بھی داخل ہو چکی ہے ۔ مولانا نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ ملت کی خدمت کے جذبہ کے تحت کام کریں اور محنت سے طلبہ کو تیار کریں ۔ محترم میر زاہد علی خان مدیر سیاست نے اپنے خطاب میں کہا کہ سیاست اور جامعہ نظامیہ کی جانب سے گرمائی دینی تعلیمی کورس شروع کرنے کا مقصد یہ ہے کہ جو بچے تمام سال دنیاوی تعلیم کے حصول میں مصروف رہتے ہیں وہ کم از کم تعطیلات کے زمانے میں اسلامی بنیادی دینی تعلیم سے واقف ہو جائیں ۔ محترم زاہد علی خاں نے کہا کہ اضلاع ‘تعلقہ جات اور دیہاتوں میں علم دین کی سخت ضرورت ہے اس لئے سال حال اضلاع میں زیادہ سے زیادہ مراکز قائم کرنے پر توجہہ دی جارہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ مظفر نگر میں ایک ایسا مقام بھی ہے جہاں کوئی مدرسہ نہیں ہے۔ الحمد للہ جامعہ نظامیہ ادارہ سیاست کی اس کوشش میں برابر تعاون کررہاہے اور یہ سلسلہ دس سال سے چل رہا ہے سالحال ۲۲؍اپریل تا ۳؍جون دینی گرمائی کورس کے مراکز کام کریں گے اور ناظر حضرات مرکز کا دورہ کرتے رہیں گے ۔ محترم زاہد علی خان نے جامعہ نظامیہ اور محترم مفتی صاحب کے تعاون کا شکریہ اداکیااور کہا کہ اولیاطلباکو اس جانب توجہہ کی ضرورت ہے اور بچوں کو بھی علم کے حاصل کرنے میں سبقت لیجانا چاہئے۔ کاروائی کا آغاز مولوی سید قیس حسینی کی قرات قرآن مجید اورحافظ محمد ہاشم کی نعت شریف سے ہوا ۔مولانا حافظ محمد عبید اللہ فہیم قادری الملتانی منتظم جامعہ نظامیہ نے کاروائی چلائی۔ جلسہ میں مولانا محمد امتیاز احمد داروغہ جامعہ ‘ مولانا شیخ محبوب مودب جامعہ ‘ذمہ داران مرکز دینی تعلیم حیدرآباد و سکندرآباد اضلاع‘ اساتذہ کرام مراکز اور اولیائے طلباء کی کثیر تعداد موجود تھی۔