جامعہ نظامیہ میں آڈیٹوریم کی تعمیر کیلئے ایک کروڑ 95 لاکھ کی اجرائی

حیدرآباد ۔ 6 ۔ جولائی (سیاست نیوز) جامعہ نظامیہ میں عصری طرز کے آڈیٹوریم کی تعمیر کیلئے محکمہ اقلیتی بہبود نے پہلی قسط کے طور پر ایک کروڑ 95 لاکھ روپئے جاری کئے ہیں۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے بانی جامعہ نظامیہ کے عرس تقاریب کے موقع پر آڈیٹوریم کی تعمیر کیلئے 9 کروڑ 60 لاکھ روپئے کی منظوری کا اعلان کیا گیا لیکن تعمیری کام کا ابھی تک آغاز نہیں ہوا۔ حکومت کیجانب سے بجٹ کی عدم اجرائی تعمیری کام کے آغاز میں اہم رکاوٹ تھی۔ اس مسئلہ کا جائزہ لینے کے بعد سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے پہلی قسط کے طور پر ایک کروڑ 95 لاکھ روپئے جاری کئے ہیں۔ عصری آڈیٹوریم کی تعمیر کی ذمہ داری محکمہ عمارات و شوارع کو دی گئی ہے اور اسی محکمہ نے آڈیٹوریم کی تیاری پر خرچ کا پلان تیار کیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ رمضان المبارک کے فوری بعد آڈیٹوریم کی تعمیر کا آغاز ہوگا۔