جامعہ نظامیہ ملت اسلامیہ کا عظیم ورثہ اور سرمایہ افتخار

زکواۃ وعطیات کے ذریعہ اعانت ضروری‘جناب زاہد علی خاں ایڈیٹرسیاست کی اپیل
حیدرآباد ۔ 5 ۔ جولائی : ( پریس نوٹ ) : ایڈیٹر روزنامہ سیاست جناب زاہد علی خاں نے اپنے ایک صحافتی بیان میں کہا کہ علوم اسلامیہ کی عظیم دینی درس گاہ جامعہ نظامیہ مسلسل 143 سال سے علم دین کی اشاعت اور ملت اسلامیہ کی دینی رہبری میں شب و روز مصروف ہے۔ جامعہ نظامیہ سے علماء کبار پیدا ہوے جو اپنے علمی کارناموں درس و تدریس‘ مواعظ و نصائح‘ تصنیف و تالیف اور تصحیح و تعلیق کے ذریعہ ہند و بیرون ہند اسلام اور مسلمانوں کی بے لوث خدمات انجام دیتے آرہے ہیں۔ ان علماء نے اخلاص ‘یکسوئی اور سچی لگن سے تدریس و تعلیم کے فرائض انجام دئیے۔ دیگر ممالک کے لاکھوں طلباء نے بھی یہاں سے اکتساب علم کیا۔ وقت اور اثرات کے لحاظ سے ہندوستان کا جامعہ ازہر کہا جاے تو بیجا نہ ہوگا۔جامعہ نظامیہ دور جدید میں مغربی تہذیب کی یلغار میں دینی تہذیب اور علمی ورثہ کا محافظ ثابت ہوا۔الحمدللہ جامعہ نظامیہ 125 سالہ جشن کے موقع پر با مقصد دس نکاتی ترقیاتی پروگرام کا اعلان کیا تھا جس میں اہم ترین کلیۃ البنات (لڑکیوں کا کالج) کا قیام تھا الحمد للہ اس کالج کا قیام عمل میں لایا قاضی پورہ میں ایک وسیع جدید ترین عمارت میں یہ کالج قائم ہے۔یہاں 400 سے زائد طالبات اعلی دینی تعلیم حاصل کر رہی ہیں۔اس وقت جامعہ نظامیہ میںتعمیری کام جاری ہے۔ دارالاقامہ (بورڈنگ) کی عمارت بوسیدہ ہونے کی وجہ سے اس کو منہدم کرکے جدید عمار ت تعمیر کی جارہی ہے۔ اس کے لئے تعمیری اشیاء مثلا اسٹیل‘ سمنٹ وغیرہ سے بھی تعاون کیا جاسکتا ہے۔دو سال سے مسلسل یہ اپیل ہو رہی ہے اس سال کام مکمل ہونا ہے۔ آخر میں میری ملت اسلامیہ سے پر خلوص اپیل ہے کہ جامعہ نظامیہ کے تعاون کیلئے آگے آئیں ۔ جامعہ نظامیہ شبلی گنج میں ماہ رمضان المبارک میں صبح (7) بجے تا (5) بجے شام رقوم جمع کر سکتے ہیں یا فون نمبر 24416847, 24576772, 24503267 پر مطلع فرمائیں تو کارکن آکر رقم حاصل کرلیں گے۔