جامعہ نظامیہ ملت اسلامیہ کا سرمایہ افتخار

علوم اسلامیہ کی اشاعت کیلئے مالیہ کا استحکام ضروری، اراکین مجلس انتظامی کا بیان
حیدرآباد ۔ 3 جون (پریس نوٹ) مولانا سید محمد صدیق حسینی (سجادہ نشین درگاہ حضرت محبوب اللہ ؒ)، مولانا ڈاکٹر محمد عبدالمجید، مولانا خواجہ بہاء الدین، مولانا ڈاکٹر سید بدیع الدین صابری، مولانا سید محمد قبول پاشاہ شطاری، جناب یوسف محی الدین ارشد، مولانا سید حسن ابراہیم حسینی قادری سجاد پاشاہ، مولانا سید محمد ناصر الدین جیلانی، مولانا سید ظہیرالدین علی صوفی، مولوی محمد عمر علی خان، مولانا حافظ سید اصغر شرفی، مولوی عبدالمقیت قریشی ایڈوکیٹ معزز اراکین مجلس انتظامیہ جامعہ نظامیہ نے اپنے مشترکہ صحافتی بیان میں کہا کہ جامعہ نظامیہ 146 سال سے سرچشمہ علم و منبع فیوض و برکات بنی ہوئی ہے۔ شہرہ آفاق دینی درسگاہ ’’جامعہ نظامیہ‘‘ محتاج تعارف نہیں۔ جامعہ نظامیہ کا وجود بابرکت ملت اسلامیہ کا عزیز ورثہ بھی ہے اور سرمایہ افتخار بھی۔ علماء حق کے جذبہ ایثار قربانی کا مظہر جہد و اخلاص کی لازوال نشانی، علم و معرفت کا حسین امتزاج اور اس مادی و لادینی دنیا میں اسلامی تہذیب و تمدن دینی آثار و اقدار کا نقیب ہے۔ علم و روحانیت کی اس قدیم عظیم درسگاہ کے فیض یافتہ علماء نہ صرف ہند بلکہ دنیا کے بیشتر ممالک میں تبلیغ و تدریس کے مقدس فرائض انجام دے رہے ہیں۔ جامعہ نظامیہ حیدرآباد میں قدیم سے ایک دارالافتاء قائم ہے۔ ملت کے تمام دینی و شرعی مسائل میں رہنمائی کی جاتی ہے۔ دارالافتاء جامعہ نظامیہ کے فتاوی ملک اور ریاست کی جملہ عدالتوں میں مستند اور معتبر تسلیم کئے جاتے ہیں۔ جامعہ نظامیہ سے ملحقہ مدارس ریاست اور بیرون ریاست کی تعداد 281 ہوگئی ہے۔ ان مدارس میں طلباء کی تعداد 50 ہزار سے زائد ہے۔ جامعہ نظامیہ کے اسناد مولوی، عالم، فاضل اور کامل علی الترتیب عثمانیہ یونیورسٹی میں اورینٹل لینگویجس کے انٹرنس، پی ڈی سی، بی اے ایل اور ایم اے ایل کے مماثل تسلیم کئے جاتے ہیں۔ نیز بی اے کے انگریزی پرچوں کے امتحانات میں کامیابی کے بعد ایم اے اور ایم فل میں داخلہ دیا جاتا ہے۔ واضح ہوکہ جامعہ نظامیہ کے جملہ مصارف قومی عطیات اور اس کی مملوکہ جائیداد کی محدود آمدنی سے تکمیل پاتے ہیں اور جتنی آمدنی ہوتی ہے اسی حساب سے خرچ بھی ہوتا ہے۔ کوئی محفوظ مالیہ نہیں رکھا جاتا۔ ہر سال آمدنی و خرچ کی آڈٹ ہوتی ہے۔ اہل خیر حضرات سے ماہ رمضان المبارک کے مسعود موقع پر اپیل ہیکہ اپنے زکوٰۃ اور عطیات جامعہ نظامیہ شبلی گنج اور گن فاؤنڈری روبرو اسٹیٹ بینک آف حیدرآباد کمرشیل کامپلکس جامعہ نظامیہ صبح 7 بجے تا شام 6 بجے تک وصولی زکوٰۃ کا انتظام کیا گیا ہے اور ٹولی چوکی میں یوسفین ٹمپر ڈپو فون8686176469 کے علاوہ فون نمبرات 24503267 ، 24576772 ، 24416847 پر مطلع کریں تو کارکن آکر وصولی کا کام انجام دیں گے۔ ہر جمعہ مکہ مسجد میں بھی وصولی زکوٰۃ کے کاؤنٹر قائم کئے جاتے ہیں۔