فضیلۃ الشیخ صالح بن محمد البدیر خطیب و امام حرم و مدینہ منورہ کی شرکت، علماء کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 4 اپریل (سیاست نیوز) جامعتہ الاسلامیہ دارالعلوم حیدرآباد کے وسیع و عریض احاطہ میں تعمیر کردہ ’’مسجد مولانا عاقل حسامی‘‘ کا افتتاح فضیلۃ الشیخ صالح بن محمد البدیر خطیب و امام مسجد نبوی ﷺ مدینہ منورہ انجام دیں گے۔ 14 اپریل کو نماز مغرب کے ساتھ مسجد کا افتتاح عمل میں آئے گا۔ مولانا محمد رحیم الدین انصاری ناظم جامعتہ الاسلامیہ دارالعلوم حیدرآباد نے آج ایک پریس کانفرنس کے دوران یہ بات بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ ممکن ہے ملک میں یہ پہلی مسجد ہے جس کا سنگ بنیاد خطیب و امام حرم مکہ فضیلتہ الشیخ عبدالرحمن السدیس نے رکھا تھا اور اس کی تعمیر کی تکمیل کے بعد خطیب و امام حرم مدینہ منورہ فضیلتہ الشیخ صالح بن محمد البدیر اس کا افتتاح انجام دے رہے ہیں۔ اس موقع پر مولانا محمد عبدالرحیم قریشی اسسٹنٹ جنرل سکریٹری کل ہند مسلم پرسنل لاء بورڈ، مولانا محمد حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ مہتمم جامعتہ الاسلامیہ دارالعلوم حیدرآباد، مولانا زین العابدین انصاری، جناب ضیاء الدین آرکیٹکٹ کے علاوہ دیگر موجود تھے۔ مولانا رحیم الدین انصاری نے بتایا کہ فضیلتہ الشیخ صالح بن محمد البدیر خطیب و امام مسجد نبوی ؐ نے اپنے پروگرام کی توثیق کردی ہے اور وہ مسجد کے افتتاح کے علاوہ دارالعلوم حیدرآباد کا معائنہ بھی کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ حضرت حمیدالدین عاقل حسامی ؒ نے دارالعلوم حیدرآباد کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے ملک کے کونے کونے سے حصول علم کے خواہشمندوں کو یکجا کرتے ہوئے انہیں موقع فراہم کیا۔ انہوں نے بتایا کہ دارالعلوم حیدرآباد کو اس بات کا اعزاز حاصل ہیکہ اس درسگاہ میں عالمی و بین الاقوامی شہرت یافتہ علماء و اکابرین نے دورہ کرتے ہوئے مولانا عاقل ؒ کی خدمات کی ستائش کی تھی۔ جناب رحیم الدین انصاری نے بتایا کہ جامعہ دارالعلوم حیدرآباد کے احاطہ میں تعمیر کی گئی یہ دو منزلہ مسجد فن تعمیر کا شاہکار ہے اور اس مسجد کی تعمیر بھی مولانا عاقل ؒ کی خواہش کے مطابق ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس مسجد میں بیک وقت 4 ہزار مصلیوں کے نماز پڑھنے کی گنجائش موجود ہے اور اس مسجد کی تعمیرات مکمل ہوچکی ہیں۔ جناب رحیم الدین انصاری نے کہا کہ شہر حیدرآباد نہ صرف موتیوں کے شہر سے مشہور ہے بلکہ اسے مسجدوں کا شہر بھی کہا جاتا ہے۔ اس مسجدوں کے شہرمیں یہ ایک عظیم الشان اور خوبصورت مسجد ہوگی جو دارالعلوم حیدرآباد میں تعمیر کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا مسجد کے سنگ بنیاد کے وقت مسجد کا کوئی نام نہیں رکھا گیا تھا بلکہ جامع مسجد دارالعلوم حیدرآباد کہا جانے لگا تھا لیکن اب جبکہ بانی جامعتہ الاسلامیہ دارالعلوم حیدرآباد حضرت حمیدالدین عاقل حسامی ؒ رحلت فرماچکے ہیں تو دارالعلوم حیدرآباد کے ارباب نے اس بات کا فیصلہ کیا ہے کہ اس مسجد کو مولانا عاقل ؒ کے نام سے موسوم کردیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ اس خوبصورت مسجد کی افتتاحی تقریب میں دعوت عام رہے گی اور عوام اس تقریب میں شرکت کرسکتے ہیں۔ جناب رحیم الدین انصاری نے بتایا کہ دارالعلوم حیدرآباد میں ملک کی مختلف ریاستوں اور شہروں سے دینی علوم سیکھنے کے خوہشمند طلبہ داخلہ حاصل کررہے ہیں اور شہر کے نواحی علاقہ و پرفضاء ماحول میں ان کی بہتر تعلیم و تربیت کو یقینی بنانے کے اقدامات بھی کئے جارہے ہیں۔ دارالعلوم حیدرآباد میں بیرون ریاست و بیرون شہر طلبہ کے علاوہ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد سے تعلق رکھنے والے طلبہ بھی مختلف دینی کورسس میں داخلے حاصل کررہے ہیں۔