مبین فنکشن ہال ہمت پورہ میں مقرر ، مولانا سید حامد حسین شطاری و دیگر کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 5 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : جامعتہ المومنات کے زیر اہتمام 7 جون اتوار کو صبح 9 بجے تا مغرب مبین فنکشن ہال ہمت پورہ قاضی پورہ میں سالانہ ریاستی تربیتی اجتماع برائے خواتین منعقد کیا جارہا ہے ۔ جس میں بحیثیت مہمانان خصوصی ڈاکٹر رضوانہ زرین ( پرنسپل جامعتہ المومنات ) ، محترمہ الحاجہ شمس زاہد علی خاں ، محترمہ زینت بیگم (مدینہ منورہ ) ، محترمہ مفتیہ عالمہ رقیہ فاطمہ ( بہار ) ، محترمہ ڈاکٹر ناظمہ عزیز مومناتی ( صدر مفتیہ جامعتہ المومنات ) ، محترمہ قاریہ شکیلہ کوثر (کشمیر) ، محترمہ زینت بیگم ( مدینہ ) ، محترمہ سیدہ اطہر جعفری ( بیدر ) ، محترمہ سیدہ غوثیہ شاہد (عادل آباد ) ، محترمہ حفصہ محبوب ( امریکہ ) ، محترمہ مفتیہ شاہین بیگم ( مہاراشٹرا ) کے علاوہ دیگر مقامی و غیر مقامی سرکردہ خواتین شخصیتیں شرکت اور مخاطب کریں گی ۔ یہ بات آج یہاں سکریٹری استقبالیہ کمیٹی مولانا سید شاہ حامد حسین شطاری ، ناظم اعلی جامعتہ المومنات ڈاکٹر مفتی محمد مستان علی نے پریس کانفرنس میں بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ ایک روزہ اجتماع کے موقع پر جامعہ ہذا کے 255 فارغ التحصیل عالمات ، مفتیات ، الدکتورات ، حافظات کو اسنادات و خلعتیں عطا کی جائیں گی ۔ اجتماع کے انعقاد کا مقصد خواتین و طالبات میں دینی شعور اجاگر کرنا ، اعمال صالحہ کی ترغیب ، حضورؐ کی محبت اور تعلیمات نبویؐ کو عام کرنا ، صالح معاشرے کی تشکیل ، نیکیوں کو عام کرنا اور برائیوں سے متنفر کروانا ہے ۔ اس موقع پر حافظ محمد صابر پاشاہ ، مفتی عبدالواسع احمد صوفی بھی موجود تھے ۔۔