’جاسوس ‘ کی گرفتاری سے ہند پاک مذاکرات متاثر ہونے کا اندیشہ

اسلام آباد 31 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کے صوبہ بلوچستان سے مبینہ ہندوستانی جاسوس کی گرفتاری کے نتیجہ میں دونوں ملکوں کے مابین پس پردہ سفارتی سرگرمیاں متاثر ہوسکتی ہیں جبکہ یہ ادعا کیا جا رہا تھا کہ ہندوستان کے قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول راست اس جاسوس کو استعمال کر رہے تھے ۔ میڈیا کی رپورٹ میں یہ بات بتائی گئی ہے ۔ پاکستان نے گذشتہ ہفتہ کلبھوشن یادو نامی شخص کو گرفتار کیا ہے اور اس پر الزام ہے کہ وہ ہندوستانی خفیہ ادارے را کا کارکن ہے ۔ اسے جنوبی بلوچستان سے گرفتار کیا گیا تھا ۔ پاکستانی فوج نے یادو کا ایک اقبالی ویڈیو بھی جاری کیا ہے جس میں اس نے کہا کہ وہ ہندوستانی بحریہ کا برسر خدمت عہدیدار ہے ۔ ایکسپریس ٹریبون نے آج یہ اطلاع دی کہ دونوں ملکوں کے قومی سلامتی کے مشیران کو بات چیت میں حصہ لینے کا جو میکانزم تھا اب وہ خطرہ میں پڑ گیا ہے کیونکہ جاریہ تنازعہ میں ہندوستانی مشیر قومی سلامتی اجیت ڈوول کا نام سامنے آیا ہے ۔ اس میکانزم کے ذریعہ دونوں ملکوں کے مابین سلامتی اور دہشت گردی جیسے امور پر تبادلہ خیال ہونا تھا ۔

 

کہا گیا ہے کہ سکیوریٹی عہدیداروں کا یہ ادعا ہے کہ یادو کے اقبالی بیان سے ہندوستان کے قومی سلامتی مشیر کا رول واضح ہوگیا ہے جو پاکستان میں تشدد برپا کرنے را کی پالیسی کے معمار ہیں۔ فوجی ترجمان لیفٹننٹ جنرل عاصم سلیم باجوا نے بھی یہ ادعا کیا تھا کہ یادو کو راست طور پر اجیت ڈوول استعمال کر رہے تھے ۔ میڈیا رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ڈوول کے خلاف الزامات کی سنگین نوعیت کے نتیجہ میں پاکستان اس بات کیلئے مجبور ہوگیا ہے کہ وہ این ایس اے سطح کی بات چیت کے تعلق سے دوبارہ غور کرے جس سے گذشتہ سال اتفاق کیا گیا تھا ۔ یہ بات چیت پس پردہ ہو رہی تھی جس میں انسداد دہشت گردی جیسے مسائل پر غور کیا جا رہا تھا ۔ ایک سکیوریٹی عہدیدار نے سوال کیا کہ کیا ایسے شخص سے راست بات چیت مناسب ہوگی جو راست طور پر پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے میں ملوث ہے ؟ ۔ کہا گیا ہے کہ مشیران قومی سلامتی کے مابین میکانزم اور اس وجہ سے متاثر ہوتا ہے تو اس کے نتیجہ میں قیام امن کی کوششوں کا سارا عمل ہی متاثر ہو کر رہ جائیگا ۔ ہندوستان نے یہ قبول کیا ہے کہ یادو ہندوستانی بحریہ کاسبکدوش آفیسر ہے تاہم اس الزام کو مسترد کردیا گیا ہے کہ اس کا حکومت سے کوئی تعلق ہے ۔
وزیر داخلہ نے مودی کو بریج کے انہدام سے واقف کروایا
نئی دہلی 31 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے آج وزیر اعظم نریندر مودی کو کولکتہ میں زیر تعمیر فلائی اوور بریج کے انہدام سے واقف کروایا ۔ مودی فی الحال امریکہ میں ہیں۔ سنگھ نے اپنے ٹویئیٹر پر کہا کہ مودی سے انہوں نے فون پر بات چیت کی اور انہیں کولکتہ میں برج کے انہدام کے بعد جاری بچاؤ کاموں سے واقف کروایا ۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ ان کی وزارت بھی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے ۔