جاریہ ماہ کے اواخر میں وقف بورڈ کے بارے میں حکومت کا فیصلہ

تین ارکان کی نشستیں مخلوعہ ، ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہنواز قاسم کا بیان
حیدرآباد۔2 مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت ریاست میں انتخابی ضابطہ اخلاق کے اختتام کے بعد وقف بورڈ کے بارے میں فیصلہ کرے گی۔ اسی دوران حکومت کی جانب سے ایڈوکیٹ جنرل سے طلب کردہ رائے ابھی تک موصول نہیں ہوئی ہے۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہ نواز قاسم نے بتایا کہ تین مخلوعہ نشستوں کو پُرکرنے کے علاوہ صدرنشین کے مسئلہ پر فیصلہ انتخابی ضابطہ اخلاق کے اختتام کے بعد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قانون ساز کونسل کی رکنیت ختم ہونے پر صدرنشین کی برقراری کے مسئلہ پر قانونی رائے مختلف ہے۔ اس سلسلہ میں دو ہائی کورٹس کے علیحدہ فیصلے موجود ہیں جس کے مختلف پہلوئوں کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ ایک فیصلے میں عدالت نے کونسل کی رکنیت ختم ہونے کے باوجود 5 سالہ میعاد کی تکمیل تک صدرنشین کے عہدے پر برقراری کو درست قرار دیا۔ جبکہ دوسرے فیصلے میں کونسل کی رکنیت کے اختتام کے ساتھ ہی صدارت کے ختم ہونے کی بات کہی گئی ہے۔ ایڈوکیٹ جنرل نے ابھی تک اپنی رائے تحریری طور پر پیش نہیں کی۔ امکان ہے کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کے اختتام کے بعد حکومت اس مسئلہ پر توجہ دے گی۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود نے بتایا کہ بورڈ میں فی الوقت ارکان کے تین نشستیں مخلوعہ ہیں جن میں رکن پارلیمنٹ، رکن اسمبلی اور بار کونسل شامل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ میں بیک وقت رکن اسمبلی اور رکن کونسل کا ہونا ضروری نہیں ہے دونوں ایوانوں میں سے کسی ایک رکن کو شامل کیا جاسکتا ہے ۔ شاہنواز قاسم کے مطابق وقف بورڈ کے صدرنشین کی برقراری کے سلسلہ میں حکومت کا فیصلہ قطعی ہوگا ۔ اسی دوران باوثوق ذرائع نے بتایا کہ چیف منسٹر کے سی آر اور ٹی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ صدر نشین وقف بورڈ کے عہدہ پر محمد سلیم کی برقراری کے حق میں ہیں اور انہیں بورڈ میں روزمرہ کی طرح فرائض انجام دینے کا مشورہ دیا گیا ہے ۔ ایڈوکیٹ جنرل نے زبانی طور پر محمد سلیم کی برقراری کی تائید کی ہے ۔ دوسری طرف محکمہ اقلیتی بہبود نے اوورسیز اسکالر شپ اسکیم کے منتخب طلبہ کی فہرست جاری کرنے کیلئے الیکشن کمیشن سے اجازت طلب کی ہے ۔کمیشن نے ابھی تک کوئی جواب نہیں دیا ، تاہم مجالس مقامی کی آخری مرحلہ کی رائے دہی یعنی 14مئی کے بعد منتخب طلبہ کی فہرست جاری کردی جائے گی ۔ طلبہ کو پہلی قسط کی رقم کی اجرائی کیلئے حکومت نے 25کروڑ روپئے جاری کئے ہیں ۔