جاریہ ماہ ایم ایم ٹی ایس ٹرین خدمات میں توسیع

ستمبر 2019 تک کام مکمل کرنے کا نشانہ ، 33 کیلو میٹرس کیلئے 817کروڑ کے خرچ کا تخمینہ
حیدرآباد ۔ یکم اپریل ( سیاست نیوز) شہر اور مضافاتی علاقوں تک ایم ایم ٹی ایس ٹرین سروسیس کو وسعت دینے دوسرے مرحلے کے کام تقریباً مکمل کرلئے گئے ہیں اور توقع ہیکہ جاریہ ماہ کے پہلے یا دوسرے ہفتہ کے دوران بعض نئے ریلوے اسٹیشنوں تک یہ خدمات عوام کیلئے دستیاب رہیں گی ۔ بتایا جاتا ہیکہ دوسرے مرحلہ کے تحت فی الوقت تیلاپورم تا رامچندرا پورم (5.75 کیلومیٹر) ، مولاعلی تا گھٹکیسر (12.2 کیلو میٹر ) ایم ایم ٹی سی سروسیس شروع کی جائینگی ۔ مالیاتی سال 2012 – 2013 میں 817 کروڑ روپئے کا تخمینہ کر کے اس پراجکٹ کیلئے چار سال کے دوران جملہ 540 کروڑ روپئے خرچ کئے گئے اور اب تک دو لائنس یعنی تیلاپور تا رامچندرا پورم اور مولاعلی تا گھٹکیسرکاموں کو مکمل کرلیا گیا جبکہ مولاعلی تا صنعت نگر سیکشن میں محکمہ دفاع کی اراضی کے باعث کچھ مشکلات تھیں ۔ تاہم اس مسئلہ کی یکسوئی کر کے کاموں کو جاری رکھنے خود صدر جمہوریہ نے تیقن دیا ہے ۔ علاوہ ازیں دوسرے مرحلہ کے پہلے حصہ کو ماہ ستمبر 2019ء تک مکمل کرلیا جائیگا ۔ ذرائع کے مطابق ایم ایم ٹی ایس کو یادادری (33کیلو میٹر ) تک توسیع دینے کے کام جاری ہیں ۔ ان کاموں کیلئے مرکز نے بجٹ میں صرف 200کروڑ روپئے مختص کئے تھے ۔ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کی دلچسپی سے پراجکٹ کو روبہ عمل لایا جارہا ہے اور جلد یادادری تک کاموں کو مکمل کرلینے اقدامات کئے جائیں گے ۔ پراجکٹ کیلئے خود ریاستی حکومت بھی (412) کروڑ روپئے فراہم کررہی ہے ۔ بتایا جاتا ہیکہ جن لائینوں پر ایم ایم ٹی ایس ٹرینوں کو چلانے بوگیوں پر مشتمل دو ریکس آچکے ہیں مزید 4 بوگیوں کے ریکس لانے پر ریلوے عہدیدار جلد فیصلہ کرینگے ۔ عہدیداروں کے مطابق فی الوقت 27اسٹیشنوں کو مربوط کرکے ٹرینیں چلائی جارہی ہیں اور ہر روز ایم ایم ٹی ایس کے ذریعہ زائد از دو لاکھ افراد سفر کررہے ہیں اور اب دوسرے مرحلہ کی تکمیل کے ذریعہ ایم ایم ٹی ایس ٹرینوں کے ذریعہ روزآنہ زائد از 5 لاکھ افراد کے سفر کی گنجائش پائی جائے گی ۔ اس طرح اس دوسرے مرحلہ کے تحت انجام دیئے جانے والے تمام کاموں کو جاریہ سال کے اختتام تک مکمل کرلینے کے منصوبہ جات مرتب کئے گئے ہیں ۔