بھوپال پلی۔/4جولائی، ( ایجنسیز ) ہم اب تک لوگوں کی امیری و غریبی کی داستانیں سنتے آئے ہیں لیکن یہاں ایک خاتون کا قصہ مختلف انداز کا ہے جس نے ہندوستان کے جمہوری نظام کی خوبیوں کو اُجاگر کیا ہے۔ یہ خاتون جس مقام پر جھاڑو دیتی تھی اب وہاں کی حاکم بن گئی ہے۔ دلت طبقہ کی یہ خاتون سمپورنا نگر پنچایت بھوپال پلی ( ضلع ورنگل ) کی صدر نشین منتخب ہوگئیں۔ وہ گذشتہ دو سال سے اسی علاقہ میں جھاڑو لگاتی تھی۔ سمپورنانے بتایاکہ اس نے کبھی خواب میں بھی نہیںسوچا تھا کہ ان کی زندگی میں اچانک یہ تبدیلی آئے گی۔یہ میری خوش نصیبی ہے کہ جاروب کش سے صدرنشین کے عہدہ تک پہنچ گئی۔ انہوں نے ٹی آر ایس کا ٹکٹ دینے پر پارٹی قیادت سے اظہار تشکر کیا جبکہ سمپورنا کے انتخاب میں اسپیکر اسمبلی مدھو سدن چاری نے بھی نمایاں رول ادا کیا ہے۔