جادھو کی بیوی اور والدہ کا کل دورۂ پاکستان

پاکستان کی جادھو کے خاندان کو جلد از جلد اطلاع دینے کی ہندوستان سے اپیل

اسلام آباد ۔ 24ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) کلبھوشن جادھو کی بیوی اور والدہ کل یہاں پہنچیں گے تاکہ ہندوستانی قیدی جس کو سزائے موت سنائی جاچکی ہے سے ملاقات کریں۔ پاکستان کے دفتر خارجہ نے کہا کہ وہ تجارتی طیارے کی پرواز سے اسلام آباد پہنچیں گے اور ملاقات کے بعد اُسی دن واپس ہوجائیں گے ۔ ہندوستان کے ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ جادھو کی بیوی اور ماں کے ساتھ ہوں گے ۔ جب کہ یہ ملاقات ہوگی ۔ ہندوستان نے کمانڈر جادھو کی بیوی اور ماں کو اطلاع دی ہے کہ وہ 25 ڈسمبر کو تجارتی پرواز کے ذریعہ اسلام آباد پہنچیں گے اور اُسی دن اُن کی واپسی ہوگی ۔ ہندوستان کے ڈپٹی ہائی کمشنر برائے اسلام آباد ان کے ہمراہ بطور سفارت کار ہوں گے ۔ وزارت خارجہ پاکستان کے ترجمان محمد فیصل نے کل رات اپنے ٹوئیٹر پر اس کا اعلان کیا ۔ قبل ازیں اخبارات کی خبروں کے بموجب پاکستان نے ہندوستان سے خواہش کی تھی کہ جادھو کے ارکان خاندان کو جلد از جلد ملاقات کے پروگرام سے مطلع کردے ‘ ورنہ پاکستان کیلئے اس ملاقات کا اہتمام کرنا مشکل ہوگا ۔ فیصل نے کہا کہ یہ ملاقات وزارت خارجہ پر ہوگی اور اس کی تصویر اور ویڈیو جھلکیاں جاری کی جائیں گی ۔ جادھو کی والدہ اور بیوی کو جادھو سے ملاقات کا موقع اسلامی روایات اور خالص انسانی بنیادوں کے پیش نظر مہیا کیا جارہا ہے ۔ 20 ڈسمبر کو پاکستان نے جادھو کی بیوی اور ماں کے ویزا اسلام آباد دورہ کیلئے اور جادھو سے ملاقات کیلئے جاری کردیئے ہیں ۔ 47سالہ جادھو کو پاکستان کی فوجی عدالت نے جاسوسی اور دہشت گردی کے الزام میں اپریل میں سزائے موت سنائی تھی اس کے بعد ہندوستان مئی میں بین الاقوامی عدالت انصاف سے رجوع ہوا جس نے پھانسی کی سزا ملتوی رکھنے کی پاکستان کو ہدایت دی ۔ جب تک کہ ہندوستان کی زیرا لتواء اپیل پر قطعی فیصلہ نہ سنایا جائے ۔