جادھو کیس ‘ چارچ شیٹ و فیصلے کی نقول دی جائیں ‘ ہندوستان

اسلام آباد / نئی دہلی 14 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان نے آج پاکستان سے مطالبہ کیا کہ ہندوستانی شہری کلبھوشن جادھو کے خلاف چارچ شیٹ اور اسے سزائے موت دئے گئے فیصلے کی مصدقہ نقول فراہم کی جائیں۔ اسلام آباد میں ہندوستانی ہائی کمشنر گوتم بمباوالے نے پاکستانی معتمد خارجہ تہمینہ جنجوعہ سے ملاقات کی اور اس تعلق سے نمائندگی کی ۔ جادھو کو پاکستان کی ایک عدالت نے مبینہ جاسوسی کے الزام میں سزائے موت سنائی ہے ۔ بمبا والے نے بتایا کہ انہوں نے چارچ شیٹ اور کلبھوشن جادھو کو سنائی گئی سزا کے فیصلے کی مصدقہ نقول طلب کی ہیں۔ انہو ںنے کہا کہ گذشتہ ایک سال میں 13 مرتبہ ہم کو سفارتی رابطہ کی اجازت نہیں دی گئی ہے اور انہوں نے ایک بار پھر معتمد خارجہ پاکستان سے کہا ہے کہ ہمیں جادھو سے ملاقات کی اجازت دی جائے تاکہ ہم سزا کے خلاف اپیل کرسکیں۔ نئی دہلی میں ذرائع نے بتایا کہ سفارتی امکانات کے علاوہ ہندوستان تمام قانونی امکانات کا بھی جائزہ لے گا تاکہ پاکستانی قانونی نظام کے تحت جادھو کی سزا کے خلاف اپیل کی جاسکے ۔ پاکستان کے اعلی فوجی جنرلس نے کل فیصلہ کیا تھا کہ وہ جادھو کو سنائی گئی سزا پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرینگے ۔ کور کمانڈرس کی ایک کانفرنس کل جنرل ہیڈ کوارٹرس راولپنڈی میں منعقد ہوئی تھی جس میں جنرلس نے یہ فیصلہ کیا تھا ۔