جادھو کیس : پاکستانی اے جی کی 8 جون کو نمائندگی

نئی دہلی۔ 31 مئی (سیاست ڈاٹ کام) کلبھوشن جادھو کیس میں مزید کارروائی کے لئے پاکستان کے اٹارنی جنرل اختر اوصاف علی ایک ٹیم کی قیادت کریں گے جو 8 جون کو بین الاقوامی عدالت انصاف سے نمائندگی کرے گی۔ اٹارنی جنرل کو روانہ کرنے کا فیصلہ پاکستان کی پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں اس کیس میں پاکستان کی حکمت عملی پر غوروخوض کیا گیا۔ پاکستان کے قومی اسمبلی اسپیکر ایازصادق نے اجلاس کی صدارت کی اور پاکستان کے خلاف ہندوستان کی جانب سے پیش کردہ دستاویزات کی سماعت کے لئے تواریخ طئے کرنے پر غور کیا گیا۔ ہندوستانی شہری جادھو کو سزائے موت دینے پر پاکستان کے خلاف ہندوستان نے عالمی عدالت سے رجوع ہوکر یہ کیس عالمی موضوع بنایا ہے۔
کشمیر اقتصادی بدحالی اور سیاسی انتشار میں:نیشنل کانفرنس
سری نگر ، 31مئی (سیاست ڈاٹ کام) نیشنل کانفرنس نے کہا ہے کہ وادی کشمیر میں امن و قانون کی صورتحال دن بہ دن ابتر ہوتی جارہی ہے اور غیر یقینی صورتحال سے لوگ عدم تحفظ کے شکار ہیں۔پارٹی کا دعویٰ ہے کہ وادی کو اقتصادی بدحالی، سیاسی انتشار اور انتظامی خلفشار نے پوری طرح اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے اور بچی کچی کثر مواصلاتی کریک ڈاؤن ، کرفیو اور بندشوں نے پوری کردی ہے ۔موبائل فونوں اور انٹرنیٹ پر قدغن سے لوگوں کے مسائل و مشکلات کا سامنا ہے ۔ انٹرنیٹ کی عدم دستیابی سے اس سے منسلک افراد بری طرح متاثر ہورہے ہیں۔