فراہمی روزگار میں حیدرآباد ملک کے شہروں میں تیسرے نمبر پر
حیدرآباد۔31 جولائی (سیاست نیوز) ملک کے تمام شہروں میں روزگار کی فراہمی میں حیدرآباد تیسرے نمبر پر ہے۔ مرکزی وزیر لیبر و روزگار بنڈارو دتاتریہ نے ایک حالیہ سروے کے حوالے سے یہ بات کل ایک بڑے جاب میلہ میں تقریر کے دوران بتائی۔ جاب میلہ کا اہتمام نیشنل انسٹیٹیوٹ آف کیریئر سرویس نے کہا تھا۔ جاب میلہ میں 10,000 انٹرمیڈیٹ اور انڈر گریجویٹ طلبہ نے رجسٹریشن کرایا اور اس جاب میلہ میں آئی ٹی، آئی ٹی ای ایس اور مینوفیکچرنگ شعبوں کی زائد از 75 کمپنیوں نے حصہ لیا اور ایک ہی دن میں 3,500 افراد کو روزگار فراہم کیا گیا۔ جاب میلہ جواہر لال نہرو ٹیکنیکل یونیورسٹی میں منعقد کیا گیا۔ دتاتریہ نے کہا کہ ہنرمند ورک فورس پر توجہ کرنے کی ضرورت ہے۔ مرکزی حکومت کے پراجیکٹس بشمول میک اِن انڈیا اور اسکل انڈیا سے اس سلسلے میں مدد مل رہی ہے، لیکن جرمنی، جاپان اور چین کے مقابل ہندوستان میں ہنرمند شعبہ کی کارکردگی ناقص ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت ملک میں ہنرمند ورک فورس کو فروغ دینے کیلئے 8,000 نئے انڈسٹریل ٹریننگ انسٹیٹیوٹس (آئی ٹی آئیز) قائم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ صرف حیدرآباد اور اس کے آس پاس علاقوں میں 2 لاکھ طلبہ انجینئرنگ کالجس سے گریجویٹ ہوئے ہیں۔ ان طلبہ کیلئے روزگار کی فراہمی ہماری ذمہ داری ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ آئی ٹی آئیز کو بھی نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ مرکز، تلنگانہ میں آئی ٹی آئیز کے قیام اور مینٹیننس کے لئے 100 کروڑ روپئے فراہم کرے گا۔ تلنگانہ کے وزیر لیبر این نرسمہا ریڈی نے اس موقع پر کہا کہ تلنگانہ میں نوجوانوں کے لئے پرائیویٹ سیکٹر میں روزگار کے مواقع فراہم کئے گئے ہیں۔