آئی آئی سی کی جانب سے 9کروڑ روپئے ٹیکس کی ادائیگی
حیدرآباد۔28مارچ ( سیاست نیوز) جائیداد ٹیکس کی ادائیگی میں سرکاری محکمہ آگے بڑھ رہے ہیں ۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے کمشنر ڈاکٹر بی جناردھن سے ملاقات کرتے ہوئے آج تلنگانہ آئی آئی سی کے منیجنگ ڈائرکٹر وینکٹ نرسمہا ریڈی نے 9کروڑ روپئے کمشنر بلدیہ کے حوالے کیا جبکہ بی ایس این ایل کی جانب سے 2.21کروڑ روپئے جائیداد ٹیکس کی شکل میں کمشنر کے حوالے کئے گئے ۔ تاہم دوسری طرف بلدی حکام نے جائیداد ٹیکس ادا نہ کرنے والوں کے خلاف سخت موقف اختیار کرتے ہوئے کئی اداروں کو مہر بند کردیا ہے جبکہ غیر مجاز تعمیرات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے جاریہ ہفتہ 27 مقامات پر 178 عمارتوں کو منہدم کردیا ۔ سکندرآباد کے علاقہ مونڈا مارکٹ میں بلدی حکام نے 10لاکھ روپئے مالیتی جائیداد ٹیکس ادا نہ کرنے کی صورت میں ایک شاپنگ کامپلکس کو مہر بند کردیا جبکہ ونستھلی پورم کے علاقہ میں سواگت ہوٹل کو مہر بند کردیا ۔ اس ہوٹل کے مالکین کی جانب سے بلدیہ کو 40لاکھ روپئے ٹیکس ادا شدنی ہے ۔