جائیداد ٹیکس کی ادائیگی کیلئے 31 اگست تک توسیع

حیدرآباد۔ یکم جولائی (آئی این این) تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے جائیداد ٹیکس کی ادائیگی کی آخری تاریخ 31 اگست تک توسیع دینے جی ایچ ایم سی کے کمشنر سومیش کمار کی تجویز کو قبول کرلیا ہے۔ جی ایچ ایم سی کے مطابق تقریباً 4 لاکھ افراد نے 30 جون تک 2014-15ء کیلئے جائیداد ٹیکس ادا کردیا جو مجموعی طور پر 266 کروڑ روپئے پر مشتمل ہے۔ صرف 30 جون کو ہی 4,200 افراد نے جائیداد ٹیکس کے طور پر 62 کروڑ روپئے ادا کئے۔ اس سال جائیداد ٹیکس کے طور پر گزشتہ سال کے 93 کروڑ روپئے کے مقابلے 173 کروڑ روپئے زائد وصول ہوئے ہیں۔ جی ایچ ایم سی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ تاریخ میں توسیع کی سہولت سے استفادہ کرتے ہوئے 31 اگست تک بلاجرمانہ اپنے جائیداد ٹیکس ادا کردیں۔ یکم ستمبر کیلئے ٹیکس ادا کرنے والوں پر صد فیصد جرمانہ عائد کیا جائے گا۔