جائیداد رجسٹریشن سے آمدنی میں اضافہ

دارالحکومت علاقہ و نلگنڈہ میں سرگرمیاں عروج پر
حیدرآباد ۔ یکم اپریل ( سیاست نیوز )حیدرآباد میں رئیل اسٹیٹ شعبہ میں سرگرمیوں میں اضافہ کے باعث محکمہ رجسٹریشن کی آمدنی میں سال 2015 – 16 کے دوران 25 فیصد کا زبردست اضافہ ہوا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ سال 2014 – 15 میں جائیدادوں کے رجسٹریشن سے جملہ 2,747 کروڑ روپئے کی آمدنی ہوئی تھی جو سال 2015 – 16 میں بڑھ کر 3,450 کروڑ روپئے تک پہونچ گئی ہے ۔ یہ تقریبا 25 فیصد کا اضافہ ہے ۔ چونکہ ریاست کی آمدنی کا دو تہائی حصہ دارالحکومت کے علاقہ بشمول جی ایچ ایم سی حدودا ور ایم ایم ڈی اے حدود سے آتا ہے ایسے میں رجسٹریشن کی آمدنی میں اضافہ حیدرآباد میں رئیل اسٹیٹ سرگرمیوں میں اضافہ کی مرہون منت کہا جا رہا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ دارالحکومت کے علاقہ سے جملہ 1,840 کروڑ روپئے گذشتہ سال جائیدادوں کے رجسٹریشن سے حاصل ہوئے تھے جبکہ اس سال یہ رقم 2,335 کروڑ تک پہونچ گئی ہے ۔ دستاویزات رجسٹر ہوئے ہیں ان کی تعداد گذشتہ سال 8,34,000 تھی جو اس سال بڑھ کر 10,71,213 ہوگئی تھی ۔ حیدرآباد کے علاوہ ضلع نلگنڈہ میں بھی جائیدادوں کے رجسٹریشن سے ہونے والی آمدنی میں 30 فیصد کا بھاری اضافہ ہوا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ چونکہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ یادگیر گٹہ پر زیادہ توجہ دے رہے ہیں اس لئے نلگنڈہ میں یہ اضافہ ہوا ہے ۔