جئے پور میں فرقہ وارانہ جھڑپ، 7 زخمی

لڑکیوں سے چھیڑ چھاڑ پر سنگباری، تین موٹر سیکلیں نذر آتش
جئے پور 18 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) راجستھان کے شہر جئے پور کے ایک علاقے میں لڑکیوں سے چھیڑ چھاڑ کے واقعات کے بعد دو طبقات کے افراد آتشزنی میں ملوث ہوگئے جس کے نتیجہ میں بشمول دو ملازمین پولیس سات افراد زخمی ہوگئے۔ جئے پور کے ڈپٹی کمشنر پولیس نے دیپ سنگھ کپور نے کہاکہ لودھوں کا چوک علاقہ میں کل رات دوسرے طبقہ سے تعلق رکھنے والے لڑکوں کی جانب سے کئے گئے بعض ریمارکس پر لڑکیوں کے والدین نے اعتراض کیا تھا جس کے بعد سنگباری کی گئی تھی۔ تیزاب کی بوتل پھینکے گئے اور تین موٹر سیکلوں کو نذر آتش کردیا گیا۔ پولیس نے کہاکہ ان لڑکیوں سے گزشتہ چند دن سے چھیڑ چھاڑ کی جارہی تھی۔

یہ دونوں لڑکیاں کل شام اپنی کلاسیس سے واپس ہورہی تھیں کہ لڑکوں نے ان سے چھیڑ چھاڑ کرتے ہوئے بعض ریمارکس کیا تھا جس کے بعد دونوں طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد کے درمیان ایک دوسرے پر سنگباری کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ ڈی سی پی نے کہاکہ مختلف پولیس اسٹیشنوں سے پہونچنے والے چند پولیس اہلکار بھی سنگباری میں زخمی ہوئے ہیں۔ ٹی پی نگر پولیس اسٹیشن کے اسٹیشن ہاؤز آفیسر بابو لال بشنوئی اور کانسٹبل پربھو دیال بھی سات زخمیوں میں شامل ہیں جنھیں دواخانہ منتقل کیا گیا جہاں اُنھیں طبی امداد فراہم کی گئی ہے۔ دونوں فریقین کی طرف سے دو اور پولیس کی طرف سے تیسرا ایف آئی آر موتی ڈونگاری پولیس اسٹیشن میں درج کئے گئے ہیں۔ شکایات میں دونوں طبقات کے 10 افراد کے ناموں کاحوالہ دیا گیا ہے۔ کپور نے کہاکہ علاقہ میں امن و امن کی برقراری کے لئے راجستھان مسلح پولیس کی دو کمپنیاں تعینات کردی گئی ہیں۔