جئے پور میں شدید سردی ، دو ہلاک

جئے پور ۔ 2 جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) گلابی شہر کے نام سے مشہور جئے پور اس وقت شدید سردی کی لپیٹ میں ہے جہاں یخ بستہ ہوائیں بھی چل رہی ہیں جس کی وجہ سے عام زندگی شدید طورپر متاثر ہوئی ہے ۔ دو گداگر آج یہاں شدید سردی کی وجہ سے جالوپورہ اور سبھاش چوک میں مرُدہ پائے گئے ۔ جئے پور میں اس وقت شدید سردی کے باعث دھند کی دبیز چادر بھی ہے جہاں کم سے کم درجہ حرارت 2.8 ڈگری سیلسئس نوٹ کیا گیا ہے ۔ چورو میں کم سے کم درجہ حرارت 1.4 ڈگری سیلسیس منفی رہا اور پلانی میں کم سے کم درجہ حرارت 1.3 ڈگری سیلسئس نوٹ کیا گیا ۔ اس طرح سری گنگا نگر، جسلمیر ، بارمر ، جودھپور میں بھی درجہ حرارت میں کمی واقع ہوئی ۔موسمیات نے آئندہ ایک ہفتہ کے سردی کا سلسلہ جاری رہنے کی پیش قیاسی کی ہے ۔

سابق مکھیا نے دو پولیس افسران کو گولی ماردی
حاجی پور ۔ 2 جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) بہار کے ضلع ویشالی میں جوراونپور پولیس اسٹیشن کے تحت ایک سابق مکھیا نے جائیداد کے تنازعہ میں دو افراد کو گولی مارکر ہلاک کردیا جن میں سے ایک پولیس آفیسر تھا ۔ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی ) سریش پرساد چودھری نے بتایا کہ جوراونپور پولیس اسٹیشن آفیسر انچارج انیل کمار اور سدھیر کمار ( جو ایک پولیس آفیسر کے فرزند ہیں) پر جوراونپور براری پنچایت کے سابق مکھیا سری کانت رائے نے جائیداد کے تنازعہ پر کل رات ہوئے جھگڑے کے بعد گولی چلا دی تھی ۔ مسٹر پرساد نے بتاے کہ زخمی افراد کو جس وقت پٹنہ میڈیکل کالج اینڈ ہاسپٹل منتقل کیا جارہا تھا ، تو وہ راستے میں ہی زخموں سے جانبر نہ ہوسکے ۔