جئے پور ، وزیراعظم مودی کے جلسہ میں بم ،فون کر کے سنسنی پھیلانے والا شخص گرفتار

جئے پور ۔7 ۔ جولائی : ( سیاست ڈاٹ کام ) : جئے پور میں وزیراعظم نریندر مودی کے جلسہ میں ایک بم نصب کرنے کا دعویٰ کرنے والے شخص کو اے ٹی ایس نے گرفتار کرلیا ۔ اس شخص نے فون کال کرتے ہوئے مبینہ طور پر یہ سنسنی پھیلا دی کہ وزیراعظم کے جلسہ میں بم دھماکہ کیا جائے گا ۔ شری مدھوپور کا رہنے والا دنیش سیانی نے مبینہ طور پر راجستھان کی چیف منسٹر وسندھرا راجے کے آفیسر آن اسپیشل ڈیوٹی ( او ایس ڈی ) کو فون کیا اور دعویٰ کیا کہ اس نے جلسہ گاہ میں ایک بم رکھا ہے جہاں وزیراعظم بی جے پی قائدین سے خطاب کرنے والے ہیں ۔ دنیش سیانی نے یہ بھی اعتراف کیا کہ اس نے ہی فون کال کیا تھا ۔ جب پولیس کو اطلاع دی گئی تو اس شخص کو گرفتار کرنے اے ٹی ایس عہدیداروں کو سرگرم کردیا گیا ۔ سیانی سے پوچھ گچھ کی گئی تو پتہ چلا کہ وہ ذہنی طور پر منتشر ہے اور اپنی دماغی حالت ٹھیک نہیں رہنے سے فون کال کیا تھا ۔