لکھنؤ؍ ایٹا نگر؍جئے پور۔ /13مئی، ( سیاست ڈاٹ کام ) اُتر پردیش کے مغربی علاقوں میں تیز اور ہلکی بارش کی وجہ سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی ہوئی جبکہ مشرقی علاقوں میں موسم حسب معمول خشک رہا۔ باغپت، نجیب آباد، گنور، رام پور، گوتم بدھ نگر، میرٹھ، مظفر نگر، بجنور اور سہارنپور میں ہلکی اور تیز بارش ہوئی۔ دوسری طرف راجستھان سے ملنے والی خبروں کے مطابق زبردست آندھی اور طوفان کی وجہ سے چورو میں 43ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات کی
اطلاع کے مطابق ریاست کے علاقوں میں غیر موسمی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ جئے پور اس کے مضافاتی علاقوں میں بھی بارش ہوئی جہاں پلانی میں 42.1ملی میٹر، بیکانیر میں 21.2 ملی میٹر، جودھپور میں 2.4 ملی میٹر اور اجمیر میں1.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ ارونا چل پردیش کے متعدد اضلاع میں بھی بارش کی وجہ سے مشکلات پیدا ہوئیں۔ سیلاب اور زمین کھسکنے کے واقعات میں مواصلاتی نظام شدید طور پر متاثر ہوا۔ یہاں گذشتہ چار دنوں سے موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔