جئے للیتا کی ضمنی انتخابات میں تاریخ ساز کامیابی

چنائی 30 جون (سیاست ڈاٹ کام ) انا ڈی ایم کے سربراہ اور چیف منسٹر ٹاملناڈو جئے للیتا نے آج آر کے نگر ضمنی انتخابات میں شاندار کامیابی حاصل کی ۔ انہوں نے قریبی سی پی آئی حریف سی مہندرن کو 1,50,722 ووٹ کے فرق سے ہرا دیا اور اُن کے ساتھ ساتھ دیگر تمام مقابلہ میں شریک امیدواروں کی ضمانت ضبط ہوگئی۔ جئے للیتا نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے شاندار کامیابی دلانے پر رائے دہندگان کا شکریہ ادا کیا ۔ جئے للیتا نے کہا کہ یہ تاریخی کامیابی ہے ۔ وہ اس بات کا یقین دلاتی ہیں کہ رائے دہندگان کی توقعات پر پورا اترنے اور ان کی ضروریات کی تکمیل کیلئے وہ انتھک جدوجہد کریں گی ۔ آر کے نگر اسمبلی حلقہ میں رائے دہندوں کا مجموعی طور پر 88.43فیصد نے جئے للیتا کے حق میں ووٹ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس لحاظ سے یہ اُن کیلئے ایک تاریخی کامیابی ہے ۔ آج 8 بجے صبح جیسے ہی ووٹوں کی گنتی شروع ہوئی ‘ جئے للیتا کو سبقت حاصل ہوگئی تھی اور گنتی کے تمام دور میں وہ سبقت برقرار رکھے ہوئے تھیں ۔ 17 ویں دور کے ختم پر انہیں 1,60,432 حاصل ہوچکے تھے اور مہندرن کو صرف 9,710 ووٹ ملے تھے ۔

جملہ 1,81,420 ووٹ ڈالے گئے جن میں 2376 ووٹ نوٹا (کوئی بھی امیدوار نہیں) کے حق میں ڈالے گئے تھے ۔سماجی کارکن راما سوامی نے 4,590 ووٹ حاصل کئے ۔ انا ڈی ایم کے رکن پی ویٹریول نے مئی میں اسمبلی رکنیت سے استعفی دیدیا تھا تا کہ جئے للیتا کیلئے راہ ہموار ہوسکے اس طرح یہاں ضمنی انتخابات ناگزیر ہوگئے تھے۔ جئے للیتا کو چیف منسٹر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد اندرون چھ ماہ رکن اسمبلی منتخب ہونے کی دستوری ذمہ داری پوری کرنی ضروری تھی ۔ انا ڈی ایم کے سربراہ نے کہا کہ ضمنی انتخابات آئندہ سال ہونے والے اسمبلی انتخابات کا پیش خیمہ ثابت ہوں گے ۔

انہوں نے اشارہ دیا کہ اسمبلی انتخابات میں بھی انا ڈی ایم کے اسی طرح کی کامیابی حاصل کرے گی ۔ ٹاملناڈو گورنر کے روشیا اور مرکزی منسٹر آف اسٹیٹ و سینئر بی جے پی لیڈر پون رادھا کرشنن کے علاوہ دیگر نے جئے للیتا کو اس شاندار کامیابی پر مبارکباد دی ۔ جئے للیتا نے تمام رائے دہندگان کو یہ یقین دہانی کرائی ہے کہ انہوں نے جس اعتماد کے ساتھ انہیں ووٹ دیا ہے وہ اس کا لحاظ کرتے ہوئے فلاح و بہبودی کے کام انجام دیں گی ۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں اور حلیف جماعتوں کے قائدین سے بھی اظہار تشکر کیا ۔ جیسے ہی جئے للیتا کی کامیابی کی اطلاع ملی سینئر انا ڈی ایم کے لیڈرنے سابق چیف منسٹر او پنیرسلوم کی قیادت میں پارٹی کارکنوں نے جشن منانا شروع کیا اور مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔ مختلف عبادتگاہوں میں خصوصی دعائیہ اجتماعات بھی منعقد ہوئے ۔آر کے نگر اسمبلی حلقہ میں پارٹی کارکنوں نے انا ڈی ایم کے بانی ایم جی آر اور جئے للیتا کی مقبول فلموں کے گیت گائے اور رائے دہندگان سے اظہار تشکر کیا ۔