جئے شری رام کا نعرہ لگانے پر وزیراعظم پر اعظم خاں کی تنقید

بریلی۔28 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش کے وزیر اقلیتی امور اعظم خان نے دسہرہ تقریب کے موقع پر ’’جئے شری رام‘‘ کا نعرہ لگانے پر وزیراعظم نریندر مودی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ وزیراعظم کا تعلق پوری قوم سے ہوتا ہے اور انہیں تمام مذاہب کے نعرے بلند کرنے چاہئے۔ اعظم خاں نے یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اوزیراعظم تمام کا ہوتا ہے اسے اللہ اکبر، وائے گروجی کا خالصہ جیسے نعرے بھی لگانا چاہئے۔ نریندر مودی نے لکھنو میں دسہرہ تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے اپنی تقریر کے دوران جئے شری رام کا نعرہ لگایا تھا۔ طلاق ثلاثہ کے بارے میں وزیراعظم کے موقف کا نوٹ لیتے ہوئے اعظم خان نے کہا کہ وہ مسلم خواتین کے ساتھ ناانصافی کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے لیکن طلاق کس طرح دی جاتی ہے اور کس طرح شادیاں انجام دی جاتی اور کس طرح نماز پڑھا جائے یہ معاملہ پرسنل لا کے مطابق طے ہوتا ہے۔ اس پر وزیراعظم کا موقف ناقابل فہم ہے۔ انہوں نے ایودھیا میں رامائن میوزیم کی تعمیر کے لئے بی جے پی کی کوشش کی مخالفت کی۔ واضح رہے کہ حال ہی میں مرکزی وزیر نے ایودھیا کا دورہ کرتے ہوئے یہاں ایک رامائن میوزیم بنانے بی جے پی حکومت کے منصوبے کا جائزہ لیا تھا۔ یو پی انتخابات سے قبل بی جے پی رامائن میوزیم کے قیام کے ذریعہ ووٹ حاصل کرنے کی کوشش کررہی ہے۔