سابق رکن اسمبلی کی ملاقات کے بعد صدر پی سی سی کا اعلان
حیدرآباد /23 جون (سیاست نیوز) کانگریس کی سابق رکن اسمبلی و فلمی اداکارہ جیہ سدھا نے آج صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی سے ملاقات کی اور کانگریس سے معطلی کی قیاس آرائی پر حیرت کا اظہار کیا۔ واضح رہے کہ حلقہ اسمبلی سکندرآباد کے اجلاس میں عدم شرکت کے سبب مقامی کانگریس قائدین نے جیہ سدھا کے خلاف ناراضگی ظاہر کرکے انھیں معطل کرنے کا مطالبہ کیا تھا، جس پر تلنگانہ کانگریس نے سخت نوٹ لیا تھا۔ آج جیہ سدھا نے صدر پردیش کانگریس سے ملاقات کرکے کانگریس میں رہنے اور گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں انتخابی مہم میں حصہ لینے کا تیقن دیا۔ بعد ازاں انھوں نے میڈیا سے کہا کہ وہ کانگریس میں ہیں اور آئندہ بھی پارٹی میں رہیں گی۔ انھوں نے کہا کہ وہ حلقہ اسمبلی سکندرآباد پر توجہ دینے کے علاوہ تلنگانہ اور آندھرا میں پارٹی کے استحکام اور انتخابی مہم میں حصہ لینے تیار ہیں۔ وہ نجی مصروفیات کے باعث مذکورہ جائزہ اجلاس میں شریک نہیں ہوسکیں اور نہ سابق میئر کارتیکا ریڈی سے انکے اختلافات ہیں۔ انھوں نے کہا کہ 2009ء کے عام انتخابات میں تلنگانہ کا جذبہ سارے انتخابی عمل پر چھایا ہوا تھا، جس کی وجہ سے انھیں شکست ہوئی، تاہم وہ کانگریس کے بینر تلے سیاسی مستقبل کو آگے بڑھائیں گی اور عوامی مسائل پر پارٹی کے ہر فیصلہ کو قبول کریں گی۔ دریں اثنا اتم کماری ریڈی نے کہا کہ جیہ سدھا کانگریس میں رہیں گی۔ کانگریس پارٹی گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے بشمول تلنگانہ میں انکی خدمات سے استفادہ کرے گی۔ جیہ سدھا کو پارٹی سے معطل کرنے سے متعلق سوال پر انھوں نے کہا کہ پارٹی نے اس طرح کا کوئی فیصلہ نہیں کیا، یہ صرف میڈیا کی قیاس آرائی ہے، جس کی وضاحت ہم سے طلب کی جا رہی ہے۔