حیدرآباد 9 سپٹمبر (پی ٹی آئی) ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے جو تلنگانہ کی برانڈ ایمبیسڈر بھی ہیں، آج یہاں چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ سے ملاقات کی۔ چیف منسٹر کے دفتر سے جاری ایک اعلامیہ میں ثانیہ مرزا کے حوالہ سے کہا گیا ہے کہ مسٹر چندرشیکھر راؤ کی حوصلہ افزائی کی بدولت وہ یو ایس اوپن مکسڈ ڈبلز جیت سکی ہیں۔ چندرشیکھر راؤ نے کہاکہ ثانیہ کی کامیابی نے کئی دوسروں میں ایک نئی اُمنگ اور جذبہ پیدا کیا ہے۔ ثانیہ کے مستقبل کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے چندرشیکھر راؤ نے کہاکہ حکومت اُنھیں تمام ضروری مدد مہیا کرے گی۔ ریاستی ٹی آر ایس حکومت کی جانب سے ثانیہ مرزا کو بہت جلد تہنیت بھی پیش کی جائے گی۔ ثانیہ اور اُن کے ساتھی برازیل کے برونو سوریس گونزالیز نے جمعہ کو یو ایس اوپن مکسڈ ڈبلز ٹائٹل جیتا تھا۔