ثانیہ مرزا ٹوکیو 2020 اولمپکس میں شرکت کیلئے پرعزم

دبئی۔28 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے ٹوکیو 2020 اولمپکس میں حصہ لینے کا عزم ظاہرکیا ہے۔ ایک انٹرویو میں ویمنز ڈبلز کی سابق نمبرون کھلاڑی نے کہا کہ اکتوبر میں میرے گھر ولادت متوقع ہے،میں ٹوکیو اولمپکس میں شرکت کا عزم رکھتی ہوں۔ثانیہ مرزا نے مزید کہا کہ میں روایتی خاتون کی طرح نہیں بلکہ میں نے ہمیشہ روایت سے ہٹ کر فیصلے کیے،مجھے ان پر خوشی ہے۔ میرے والدین نے ہمیشہ میرے فیصلوں میں ساتھ دیا، مجھے شادی کے 8 برس بعد ماں بننے پر خوشی ہوگی، میں نے ہمیشہ اپنی مرضی کے مطابق زندگی گزاری، کھیلوں نے مجھے اور میرے شوہر ( شعیب ملک ) کو سب کچھ دیا، ہم دونوں کو میدان اور میدان سے باہر دباؤ کا احساس ہے، کھیل ہمیں مضبوط بنا دیتے ہیں جس میں ہمیں شکست اور کامیابی دونوں صورتحال سے نبرد آزما ہونا ہوتا ہے۔