نیو ہیون (امریکہ)۔ 28 اگست (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کو امریکی اوپن گرانڈ سلام ٹورنمنٹ سے قبل ایک نیا حوصلہ ملا کیونکہ انہوں نے رومانیہ کی مونیکا نیکولیسکو کے ہمراہ کنکٹی کٹ اوپن کا ڈبلز ٹائٹل جیت لیا۔ ثانیہ اور مونیکا کی جوڑی نے اپنی پہلی پارٹنرشپ کو بہتر انداز میں نبھاتے ہوئے پہلا ٹائٹل جیتا اور انہوں نے کٹرنیا جونڈریسکو (یوکرین) اور چوانگ چیاجنگ (تائیوان) کی جوڑی کو فائنل مقابلہ میں سیدھے سیٹوں میں شکست دے دی۔ ہند۔ رومانیہ جوڑی نے ایک گھنٹہ 30 منٹ جاری رہے اس فائنل مقابلے کو6-4، 7-5 سے جیت لیا۔ پہلا سیٹ کافی سخت تھا جس میں 7-7 سے کامیابی ملی جبکہ دوسرے سیٹ میں 6-4 سے حریف جوڑی کو شکست دے کر انہوں نے ٹروفی جیت لی۔ اس سے پہلے 2010ء میں آخری مرتبہ ثانیہ اور مونیکا نیکولیسکو کی جوڑی نے ویسٹرن اینڈ سدرن روہن کے کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کی تھی۔ ثانیہ نے حال ہی میں سوئٹزرلینڈ کی ساتھی مارٹینا ہنگس سے علیحدگی اختیار کرلی، حالانکہ یہ جوڑی کافی کامیاب رہی۔ اس کے بعد ثانیہ نے گزشتہ ہفتہ چیک جمہوریہ کی باربورا اسٹرائیکوا کے ساتھ جوڑی بنائی اور بطور ٹیم سنسناٹی ماسٹرس جیتا۔ اس جوڑی نے ہنگس اور امریکی کوکو وندے ویگھے کی جوڑی کو ہرایا تھا۔ پہلے ہی ٹورنمنٹ میں ٹائٹل جیتنے کے باوجود ثانیہ اور نیکو لیسکو دونوں نے واضح کیا کہ یہ پارٹنرشپ مختصر مدت کیلئے ہے اور امریکی اوپن میں دونوں بھی اپنے باقاعدہ پارٹنرس کے ساتھ ہی مل کر مقابلہ کریں گی۔ میچ کے بعد اس پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عالمی نمبر ایک ثانیہ مرزا نے کہا کہ انہوں نے باربورا اسٹرائیکوا کے ساتھ بھی کھیلا ہے۔ اس طرح نیکولسکو نے کہا کہ انہوں نے وانیا کنگ کے ساتھ کھیلا اور توقع ہے کہ ہم دونوں نے مل کر یہ آخری میچ نہیں کھیلا تھا۔ ثانیہ کے ساتھ پارٹنرشپ کے بارے میں انہوں نے کہا کہ سنساٹی میں انہوں نے ثانیہ سے اس بارے میں پوچھا اور انہوں نے ہاں میں جواب دیا، اس وقت کافی خوش تھیں۔ ایسا لگتا تھا گویا ہم نے ٹورنمنٹ جیت لیا۔ انہیں ثانیہ سے ربط کرنے پر خوشی ہوئی۔ ثانیہ اور نیکولیسکو نے کنکٹی کٹ اوپن ٹورنمنٹ کا شاندار آغاز کیا اور امریکی وائیلڈ کارڈ الیسن رسکے اور اچریکو کو راست سیٹوں میں ہرایا۔ اس کے بعد دریجا جوراگ اور اناستاسیا روڈیونوا کو سیدھے سیٹوں میں ہرایا۔ اس جوڑی کو نمبر 3 سیڈ اندریجا لیپنک اور کٹارینا سریپوٹنک کی جوڑی سے سخت مقابلہ درپیش تھا جس میں 2-6، 6-3، 10-8 سے کامیابی حاصل کرکے فائنل میں رسائی حاصل کی تھی۔