ت2 تا 4 جون تلنگانہ کے تمام اسمبلی و منڈل ہیڈکوارٹرس پر جشن تلنگانہ

یوسف گوڑہ میں سوچھ حیدرآباد مہم ، پروفیسر کودنڈا رام کا خطاب
حیدرآباد۔21مئی(سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی پروفیسر کودنڈارام اور دیگر نے محکمہ بلدیہ گریٹر حیدرآبادکی جانب سے منعقدہ کردہ سوچھ حیدرآباد پروگرام میں حصہ لیکر شہر حیدرآباد کو صاف ستھرا رکھنے کا عہد لیا۔ آج یہاں یوسف گوڑہ علاقہ میںمنعقدہ سوچھ حیدرآباد مہم کے دوران پروفیسر کودنڈارام نے کہاکہ شہر کو صاف ستھرا رکھنے میںمحکمہ بلدیہ کے لیبر طبقہ کا اہم رول ہے۔ انہو ںنے مزیدکہاکہ حکومت تلنگانہ کے معلنہ سوچھ حیدرآباد مہم کی کامیابی کا انحصار بلدی عملے کی سنجیدگی پر ہے۔ انہوں نے سوچھ حیدرآبا دمہم میں شامل بلدی عملے کو سوچھ حیدرآباد کے متعلق حکومت تلنگانہ کی جانب سے اٹھائے جانیوالے اقدامات اور فیصلوں سے تعاون کرنے کا عہد بھی دلایا۔ انہوں نے کہاکہ علیحدہ ریاست تلنگانہ کاحصول ریاست کے عام آدمی کی جدوجہد کا نتیجہ ہے۔ پروفیسر کودنڈارام نے ریاست تلنگانہ کے عام آدمی کوعلیحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے جشن میںشامل کرنے کے لئے حیدرآباد کے بشمول تلنگانہ کے تمام دس اضلاع میں تلنگانہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے جشن تلنگانہ تقریب منانے کا اعلان کیا۔انہوں نے کہاکہ حیدرآباد کے بشمول ریاست کے تمام دس اضلاع کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرس میں یکم تا دو جون تلنگانہ دھوم دھام‘ جلسہ عام ‘ کانفرنس منعقد کئے جائیں گے اور 2 تا 4جون اسمبلی اور منڈل ہیڈ کوارٹرس میں تلنگانہ جشن منانے کا اعلان کیا۔ مسٹر تروپتی یادیہ کے علاوہ دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔