یکم ؍ نومبر سے نئی پنشن پالیسی کا آغاز، وزیر آئی ٹی کے ٹی راما راؤکا بیان
حیدرآباد ۔ 13 ستمبر (این ایس ایس) ریاستی وزیر آئی ٹی اور پنچایت راج کے تارک راما راؤ نے آج کہا کہ ریاست میں نئی پنشن پالیسی کا یکم نومبر سے آغاز کیا جائے گا۔ محکمہ پنچایت راج میں حکومت کے 100 دن پر آج ایک رپورٹ کی اشاعت عمل میں لانے کے دوران خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ ریاستی حکومت دیہاتوں میں سڑکیں بچھانے، پینے کے پانی کی سہولت، ڈرینج نظام کو بہتر بنانے کیلئے اولین ترجیح دے گی۔ ریاستی حکومت نے چھوٹے آبپاشی طریقہ کار کے لئے سالانہ ایک ہزار کروڑ روپئے کا نشانہ مقرر کیا ہے اور تاحال 1,192 تانڈوں کو گرام پنچایتوں کے طور پر تسلیم کیا جاچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنشنرس کو نئے فوائد کیلئے بائیو میٹرک طریقہ کار کو نافذ کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ حال میں کئے گئے گھریلو سروے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ریاست میں 1.06 کروڑ خاندان رہتے بستے ہیں جبکہ 96 لاکھ خاندانوں کی تفصیلات کو درج کرلیا گیا ہے ماباقی کام بہت جلد تکمیل کرلیا جائے گا۔ ریاستی وزیر نے کہاکہ ریاستی حکومت بہت جلد نئے پنچایتی راج سسٹم کا اعلان کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایمپلائمنٹ گیارنٹی اسکیم میں بے قاعدگیوں کی شکایات کیلئے فری ہیلپ لائن نمبر 18002001001 دیا گیا ہے۔ اس موقع پر ریاستی وزیر نے مہاتما گاندھی نیشنل ایمپلائمنٹ گیارنٹی اسکیم کے لوگو کا اجراء عمل میں لایا۔