تیونس کے عبوری وزیر اعظم کو اوباما کی مبارکباد ، دورہ کی دعوت

تیونس ۔ 4 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر بارک اوباما نے تیونس کے عبوری وزیر اعظم مہدی جمعہ کو دورہ امریکہ کی دعوت دی ہے۔ اس سے پہلے اوباما نے عبوری وزیر اعظم کو آئین کی منظوری اور نئی کابینہ کی تشکیل پر مبارکباد دی۔ صدر اوباما نے مہدی جمعہ کو فون پر ان تمام تیونسی سیاسی جماعتوں کو جمہوری حوالے سے 2011 سے حاصل ہونے والی کامیابیوں میں شریک کرنے کیلئے کہا تاکہ ملک جمہوریت کے راستے پر آگے بڑھ سکے۔ اس فون کال کے بعد جاری کئے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ عبوری وزیر اعظم کو رواں سال کے آخر میں امریکی دورے پر آنے کی دعوت دی گئی ہے۔ واضح رہے طویل عرصہ تک تیونس کے حکمران رہنے والے زین العابدین بن علی کی عوامی انقلاب کے ذریعے 2011 میں معزولی کے بعد اسلام پسند جماعت النہضہ کی منتخب حکومت قائم ہوئی لیکن اپوزیشن نے اسے تقریبا دو ماہ قبل ایک معاہدے کے تحت مستعفی ہونے پر آمادہ کر لیا۔اب عبوری حکومت نئے انتخابات کرانے کی ذمہ دار ہے اور اس مقصد کیلئے حکمران جماعت النہضہ اور اپوزیشن نے ٹیکنو کریٹس کے حکومت پر اتفاق کیا تھا، مہدی جمعہ اس حکومت کے سربراہ ہیں۔