تیونس ۔ 3 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے تیونس کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مضبوط و مستحکم بنانے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے اس نئے جمہوری ملک میں انتخابی عمل کو مؤثر بنانے کیلئے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی سربراہی کے بشمول ممکنہ تعاون کی پیشکش کی۔ وزیرخارجہ سلمان خورشید نے کہا کہ ’’میں اس موقع پر تیونس کے عوام اور حکومت کو کامیابی کے ساتھ دستور کی منظوری پر مبارکباد دینا چاہتا ہوں جو پائیدار جمہوریت کی سمت ایک اہم قدم ہے‘‘۔ اس شمالی افریقی ملک کیلئے مسٹر خورشید کا یہ پہلا سہ روزہ سرکاری دورہ ہے۔
انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ’’تیونس کو میرے دورہ کی ایک حقیقت یہ بھی ہیکہ ہندوستان کے کسی وزیرخارجہ کا یہ پہلا باہمی دورہ ہے جو اس اہم سفر میں اس ملک کیلئے ہندوستان کی تائید کا اظہار کرتا ہے‘‘۔ سلمان خورشید نے کہا کہ ’’اس اہم مرحلہ پر تیونس میں قائم کئے جانے والے جمہوری اداروں کی مدد کرتے ہوئے تاریخ کی صحیح سمت ہندوستان اپنا مقام بنانا چاہتا ہے‘‘۔ مسٹر سلمان خورشید مراقش، تیونس اور سوڈان جیسے تین ملکوں کے دورہ کے دوسرے مرحلہ کے تحت یہاں پہنچے ہیں۔ وزیرخارجہ نے تیونس کے صدر، وزیراعظم، وزیرصنعت، سے اپنی ملاقات اور بات چیت کو ثمرآور قرار دیا اور کہا کہ تیونس میں ان کے ہم منصب سے بات چیت تعلقات کو مزید مستحکم بنائے گی۔