تیونس۔ 16؍فروری (سیاست ڈاٹ کام)۔ نامعلوم بندوق برداروں نے مغربی تیونس میں سڑک پر رکاوٹ کھڑی کرکے ایک کار روک دی اور 2 افراد کو گولی مارکر ہلاک کردیا۔ 2 ملازمین پولیس بعد میں تیز رفتاری سے مقام واردات پر پہنچے۔ انھیں بھی گولی ماردی گئی۔ یہ ہلاکتیں کل رات جینڈوبا کے علاقہ میں پیش آئیں۔ تیونس جہادی گروپس کے تشدد کا جنوری 2011ء کے ’بہارِ عرب‘ انقلاب کے بعد سے شکار ہے۔ قومی گار کے طلایہ گرد دستہ نے اپنی تحقیقاتی رپورٹ میں کہا کہ ایک شہری اور ایک پنشن وارڈن کو گولی مارکر ہلاک کردیا گیا۔ جب پولیس ملازمین مقام واردات پر پہنچے تو دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کردی جس سے 2 ملازمین پولیس ہلاک اور دیگر 2 زخمی ہوگئے۔ صیانتی کارروائیاں مسلح گروپ کا پتہ چلانے کے لئے جاری ہیں، تاہم وزارت داخلہ نے اپنے بیان میں مزید تفصیلات کا انکشاف نہیں کیا۔