تیونس 18 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) حملہ آوروں نے آج تیونس کے دارالحکومت کی میوزیم پر اندھا دھند فائرنگ کرکے 21 سیاحوں کو ہلاک کردیا جبکہ کئی افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا۔ مہلوکین میں بندوق بردار بھی شامل ہے لیکن دیگر حملہ آور فرار ہوگئے۔ جن کی تلاش جاری ہے۔ یہ واقعہ شہر تیونس کی نیشنل باردو میوزیم میں پیش آیا۔ مہلوکین میں 7 غیر ملکی اور باقی تیونس کے شہری ہیں۔ یہ واضح نہیں ہوسکا کہ حملہ آور کون تھے لیکن اِس علاقہ کو جلد ہی صیانتی عملہ نے گھیر لیا۔ تیونس کی پارلیمنٹ میوزیم کی عمارت سے متصل ہے۔ خانگی ٹی وی والانیا پر نقاب پوش تیونسی فوجیوں کو کئی سیاحوں کو قریبی محفوظ مقامات پر منتقل کرتے دکھایا گیا ہے جبکہ دیگر فوجی ایک متصلہ عمارت کی طرف بندوقیں تانے ہوئے دکھائے گئے۔ بروسیلز سے موصولہ اطلاع کے بموجب وزیراعظم فرانس مانیول والس نے کہاکہ دہشت گردوں نے میوزیم پر حملہ کے دوران چند افراد کو یرغمال بھی بنالیا ہے۔ نئی دہلی سے موصولہ اطلاع کے بموجب وزیراعظم نریندر مودی نے اِس دہشت زدہ کردینے والے حملہ کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ ہندوستان تیونس کے عوام کے ساتھ ہے۔