تیونس 26 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) تیونس نے آج کہا کہ اس نے گذشتہ ہفتے نیشنل میوزیم پر ہوئے حملہ کے سلسلہ میں 23 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا ہے ۔ تیونس کے وزیر داخلہ نجم غرسلی نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد حملہ کے سلسلہ میں 23 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جن میں ایک خاتون بھی شامل ہے ۔ ان پر میوزیم حملے میں ملوث رہنے کا شبہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ دہشت گردوں کا ایک سیل تھا جو اب تقریبا 80 فیصد تک ٹوٹ گیا ہے ۔ وزیر موصوف نے کہا کہ نیشنل میوزیم پر حملہ کا آپریشن ایک الجیریائی شخص لقمان ابو شکر کی نگرانی میں ہوا تھا ۔ یہ شخص القاعدہ سے تعلق رکھنے عقبہ ابن نفع بریگیڈ کے قائدین میں شامل ہے ۔ اس حملہ کی ذمہ داری تاہم القاعدہ کے حریف سمجھے جانے والے گروپ داعش نے قبول کی تھی ۔ وزیر موصوف نے کہا کہ اس حملہ کی تحقیقات چل رہی ہیں اور فی الحال کسی گروپ کا نام نہیں لیا جاسکتا ۔