تیونس۔ 25 مئی (سیاست ڈاٹ کام) تیونس کے ایک فوجی نے ساتھی فوجیوں پر فوجی بیارکس میں حملہ کردیا جس سے کم از کم 7 افراد ہلاک ہوگئے۔ مہلوکین میں خود حملہ آور بھی شامل تھا۔ بیتاسین اوڈسلاتی نے کہا کہ اس فائرنگ میں 10 فوجی زخمی ہوئے جن میں ایک شخص کی حالت تشویشناک ہے۔ اس نے کہا کہ یہ واقعہ ’’تن تنہا کارروائی ہے، دہشت گرد حملہ نہیں‘‘۔ اس حملے کے مقصد کی تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس کا عملہ اس علاقہ میں فائرنگ کے واقعہ کے بعد روانہ کردیا گیا ہے۔ تمام قریبی سڑکوں پر تلاشی لی جارہی ہے۔ ایک ہیلی کاپٹر فضاء سے نگرانی کررہا ہے۔ وزیر دفاع نے کہا کہ قریبی اسکول کا تخلیہ کروا دیا گیا ہے۔ عہدیداروں نے عوام کو مطمئن کرنے کی کوشش کی تاہم کشیدگی عروج پر ہے جبکہ ایک قومی باردو میوزیم پر قبل ازیں 18 مارچ کو حملہ ہوا تھا جس میں 22 افراد جو غیرملکی سیاح تھے، ہلاک ہوگئے تھے۔ فوج کے ترجمان نے کہا کہ فوجیوں کو ہتھیار اپنے ساتھ رکھنے سے منع کردیا گیا ہے، کیونکہ گھریلو مسائل بھی اس فائرنگ کی وجہ ہوسکتے ہیں۔