تیونس ۔30اکٹوبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) تیونس الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کردہ ابتدائی سرکاری نتائج کے مطابق اتوار کو منعقد ہوئے پارلیمانی انتخابات میں سکیولر پارٹی ’ندا تونس‘ نے 85 جبکہ اسلام پسند النہضہ نے 69 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔خبر رساں ادارے روئٹرز نے بتایا کہ الیکشن حکام نے آج بتایا کہ ان پارلیمانی انتخابات میں ’ندا تونس‘ نے کامیابی حاصل کر لی ہے۔ تیونس کی پارلیمان میں کل 217 نشستیں ہیں، جن میں سے ایک اور سکیولر پارٹی UNL نے 16 پر کامیابی حاصل کی ہے۔ ان سرکاری نتائج کے مطابق بائیں بازو کی طرف جھکاؤ رکھنے والی پاپولر فرنٹ تحریک نے پندرہ جبکہ ’آفاق تونس‘ نامی لبرل پارٹی نے آٹھ نشستیں اپنے نام کی ہیں۔تیونس کے آئین کے مطابق حکومت سازی کے لئے ایسی پارٹی کو دعوت دی جاتی ہے، جس نے سب زیادہ نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہو۔ یوں ابتدائی طور پر ندا کو حکومت سازی کی دعوت دی جائے گی۔ ناقدین کے بقول البتہ نئی حکومت کے قیام کے سلسلے میں مذاکراتی عمل کئی ہفتوں تک جاری رہ سکتا ہے۔ دوسری طرف سرکاری نتائج کے منظر عام پر آنے سے قبل ہی سیاسی پارٹیوں نے حکومت سازی کیلئے جوڑ توڑ شروع کر دی تھی۔’ندا تونس‘ کے سینئر رہنما البیجی قائد السِبسی نے عزم ظاہر کیا ہے کہ ان کی جماعت ملک کو ترقی کی راہوں پر گامزن کرنے کیلئے ایک اتحادی حکومت بنائے گی۔وہ جمہوری تقاضوں کو ملحوظ رکھتے ہوئے ہم خیال گروہوں سے رابطوں میں ہیں۔