تیونسی افواج کے ہاتھوں9 اہم جہادی ہلاک

تیونس۔29مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) تیونس کی افواج نے 9افراد کو جو ملک کے اہم جہادی گروپ سے تعلق رکھتے تھے اور جن پر نیشنل میوزیم پر حملہ کی سازش کا الزام تھا ‘ ہلاک کردیا ۔ وزارت داخلہ کے بموجب کل رات سدی عیش کے علاقہ میں 9افراد کو ہلاک کردیا گیا ۔ وزارت داخلہ کے ترجمان نے کہا کہ یہ افراد اوکبا کے نافان بریگیڈ سے تعلق رکھتے تھے ‘ جس کے عہدیداروں نے 18مارچ کے بارڈو میوزیم پر حملہ کی ذمہ داری قبول کی تھی ۔ اس حملہ میں تیونس کا ایک ملازم پولیس اور 21غیر ملکی سیاح ہلاک ہوئے تھے ۔ بعدازاں انتہاپسندی کا خاتمہ کرنے کیلئے ہزاروں تیونسی شہریوں نے سڑکوں پر احتجاجی مظاہرہ کئے تھے ۔ کئی عالمی قائدین بشمول صدر فرانس اور صدر پولینڈ نے احتجاجی مظاہروں میںشرکت کی تھی ۔ وزارت داخلہ نے جمعرات کے دن الزام عائد کیا تھا کہ اس قتل عام کی ذمہ داری اوکبا پر ہے ۔ دولت اسلامیہ کا تیونس کی سرزمین پریہ اولین حملہ تھا ۔ وزارت داخلہ کے ترجمان نے کہا کہ ملک کو تیونس کے انتہائی خطرناک 9دہشت گردوں کی ہلاکت پر خوشی ہے ۔ تیونس کے ریڈیو کی اطلاع کے بموجب گروپ کا لیڈر الجیریا کا شہری تھا جو فوج کے ہاتھوں ہلاک ہوگیا ۔