رائے پور، 30 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) چھتیس گڑھ کے شورش زدہ بستر ڈیویژن میں علیحدہ واقعات میں سکیورٹی فورسیس نے تین نکسلائیٹس بشمول دو خواتین کو مار گرایا۔ اس طرح جاریہ ماہ کے دوران فائرنگ کے تبادلوں میں 21 ماؤسٹ ہلاک ہوگئے ہیں۔ انسپکٹر جنرل پولیس بستر رینج ایس آر پی کلوری نے بتایا کہ ضلع سکما میں پولم پلی پولیس اسٹیشن کے حدود میں گھنے جنگلات 2 خاتون نکسلائیٹس کو موت کے گھاٹ اُتار دیا گیا جب سکیورٹی فورسیس کی مشترکہ ٹیم علاقہ میں مخالف نکسلائیٹس مہم پر تھی۔ انہوں نے بتایاکہ اسپیشل ٹاسک فورس، ڈسٹرکٹ ریزرو گروپ اور مقامی پولیس کی 200 نفوس پر مشتمل مشترکہ ٹیم پولم پلی کے گھنے جنگل میں آج صبح تلاشی مہم پر تھی کہ مسلح نکسلائیٹس کی ٹولی سے سامنا ہوگیا جہاں پر لڑائی چھڑگئی اور ایک گھنٹہ بعد فائرنگ کا سلسلہ تھم جانے پر نکسلائیٹس گھنے جنگل میں فرار ہوگئے۔ جائے وقوع کی تلاشی لینے پر 2 خاتون ماؤیسٹوں کی نعشیں، ہتھیار و گولہ بارود اور پارٹی لٹریچر برآمد ہوا۔ مفرور نکسلائیٹس کا تعاقب کرنے پر ایک اور ماؤیسٹ مارا گیا۔